پنجاب گندم میں خود کفیل ہے کسی کمی کا سامنا نہیں ہوگا:عبدالعلیم خان
لاہور(لیڈی رپورٹر)سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ صوبہ گندم میں خود کفیل ہے اور انشاء اللہ کسی کمی کا سامنا نہیں ہوگا۔ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر گندم اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام کے لئے ٹھوس پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے تاکہ عام آدمی کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں تحریک انصاف کے سینئر رہنما رائے عزیز اللہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو بیڈ گورننس اور بھاری قرضوں سمیت مختلف مسائل کے انبار ورثے میں ملے جن کے حل کے لئے وزیر اعظم عمران خان اور اُن کی ٹیم پہلے دن سے نیک نیتی سے کوشاں ہے البتہ موجودہ ملکی اور بین الاقوامی صورتحال کے تناظر میں مشکلات کا سامنا ضرورہے لیکن جلد ملک کو مضبوط معاشی بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے ٹھوس حکمت عملی پر کام ہو رہا ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تمام تر مشکلات کے باوجود ملک درست ٹریک پر گامزن ہے اوربہترین پالیسیوں کے ساتھ عوامی مسائل کے حل کی کوشش کی جا رہی ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں کی غلطیوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑا ہے جنہوں نے اپنے مقاصد کے لئے ملک میں دیرپا پالیسیاں تشکیل نہیں ہونے دیں۔ ملک کے وسیع تر مفاد میں موجودہ حکومت کو بعض غیر مقبول فیصلے کرنے پڑے ہیں جن کے آنے والے دنوں میں ملکی صورتحال پر بہتراثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس سال پنجاب میں گندم کی ریکارڈ خریداری عمل میں لائی گئی ہے اور اب خوراک کے شعبے میں دوررس نتائج کی حامل پالیسیاں متعارف کروانے جا رہے ہیں۔
عبدالعلیم خان