کورونا سے مزید 69افراد جاں بحق،ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 709سے زائد مارکیٹیں اور دکانیں،2صنعتی یونٹس سیل،1516ٹرانسپورٹرز کو جرمانے،اس سال اجتماعی قربانی ایس او پیز کے تحت ہوگی

  کورونا سے مزید 69افراد جاں بحق،ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 709سے زائد مارکیٹیں ...

  

لاہور، کراچی، پشاور، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)ہفتے کے روز ملک بھر میں مجموعی طور پر 3 ہزار 127 نئے کوروناکیسز اور 69 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ 2 ہزار 738 لوگ وائرس سے شفایاب ہوگئے۔صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 1949 نئے کیسز اور 38 اموات کا اضافہ ہوا۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 949 لوگ کورونا سے متاثر ہوئے، جس کے بعد مجموعی کیسز 78 ہزار 267 ہوگئے۔ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 38 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس سے مجموعی اموات 1243 ہوگئیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت 696 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 116 وینٹی لیٹرز پر موجود ہیں۔پنجاب میں کورونا وائرس نے مزید 893 افراد کو متاثر کیا جبکہ 27 لوگ زندگی کی بازی ہار گئے۔سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتاتے کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 893 لوگ وائرس کا شکار ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 72 ہزار 880 ہوگئی۔اسی طرح صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 27 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اس طرح مجموعی اموات 1656 تک پہنچ گئیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کی وبا کے مزید 225 نئے کیسز اور ایک موت کا اضافہ ہوا۔ اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 225 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 12 ہزار 206 تک پہنچ گئی۔مزید یہ کہ کورونا وائرس کا ایک اور مریض انتقال کرگیا جس کے بعد یہ تعداد 119 سے بڑھ کر 120 ہوگئی۔گلگت بلتستان میں مزید 19 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوگئی۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے 19 کیسز کے بعد گلگت بلتستان میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک ہزار 417 تک پہنچ گئی۔پاکستان میں اب تک اس وائرس سے سب سے کم متاثر آزاد کشمیر کا علاقہ ہے، تاہم اب وہاں کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے۔آزاد کشمیر میں گزشہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 41 افراد متاثر ہوئے جبکہ 3 کا انتقال ہوا۔اس طرح وہاں اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد 1003 ہوگئی جبکہ نئی اموات سے مجموعی طور پر انتقال کرنے والوں کی تعداد 28 تک پہنچ گئی۔تاہم ملک میں اس وائرس کے نئے کیسز کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ہی اس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 2 ہزار 738 افراد ایسے تھے جو وائرس سے مکمل شفایاب ہوگئے ہوں۔ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد ملک میں اب تک مجموعی طور پر وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 84 ہزار 168 سے بڑھ کر 86 ہزار 906 ہوگئی۔

مزید :

صفحہ اول -