بچوں کی صحت اولین ترجیح، سکولوں کو کھولنے کا فیصلہ انتہائی احتیاط سے کیا جائیگا،شفقت محمود

بچوں کی صحت اولین ترجیح، سکولوں کو کھولنے کا فیصلہ انتہائی احتیاط سے کیا ...

  

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ نجی سکولوں کی طرف سے تعلیمی ادارے کھولنے کا بہت دباؤ ہے تاہم اس بارے میں فیصلہ 2 جولائی کو بین الصوبائی وزرا تعلیم کانفرنس میں کریں گے، ملک بھر میں تمام بچوں کو پاس کردیا گیا ہے اور یہ فیصلہ بین الصوبائی کانفرنس کا تھا، اس کی راہ میں کچھ قانونی مسائل کہیں کہیں آرہے ہیں جن کو دور کیا جارہا ہے۔وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ ہم نے سرکاری اسکول کھولنے کا فیصلہ نہیں کیا، 2 جولائی کو بین الصوبائی وزرا تعلیم کانفرنس منعقد کر رہے ہیں جس میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کریں گے۔شفقت محمود نے بتایا کہ نجی سکولوں کی طرف سے تعلیمی ادارے کھولنے کا بہت دباؤ ہے، ہمارے لیے بچوں کی صحت سب سے اولین ہے، جو بھی فیصلہ کریں گے بہت احتیاط سے کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نصابی کتب میں جہاں بھی حضورپاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا نام آئے گا وہاں خاتم النبیین لکھا جائے گا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ امتحانات اور پیشہ ورانہ داخلے کے امتحانات کیسے ہوں گے اس پر کام کر رہے ہیں، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا بجٹ پچھلے سال سے زیادہ ہے، کوشش کریں گے کہ اس میں مزید اضافہ کریں۔ کوشش کریں گے زیادہ بجٹ دیں لیکن جامعات بھی اپنا اندرونی احتساب کریں۔ موجودہ حالات میں نئی جامعات کی بجائے معیار بہتر بنانے اور فیکلٹی کی بہتری کے لیے کام کریں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سمیت سب سے درخواست کرتا ہوں کہ تعلیم کے شعبے میں مل کر چلیں۔

شفقت محمود

مزید :

صفحہ اول -