”آگ میں ڈالو“مصدق ملک کی صحافی پر تنقید،بعد میں معذرت کر لی

  ”آگ میں ڈالو“مصدق ملک کی صحافی پر تنقید،بعد میں معذرت کر لی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کے رہنما مصدق ملک نے اپنے بیان میں ایک صحافی کو آگ میں ڈالنے کہا جس کے بعد سے ان پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما مصدق ملک نے طاہر عمران نامی صحافی کے حوالے سے بات کی۔مصدق ملک کا کہنا تھا کہ یہ طاہر صاحب کون ہیں میں نہیں جانتا، کیا وہ کسی تنظیم کے سربراہ ہیں؟ وہ ٹی وی پر آکر کہتے ہیں کہ پی آئی اے میں مسائل کی نشاندہی سے ہمارا انٹرنیشنل امیج تباہ ہوگیا ہے۔سینیٹر مصدق ملک نے مزید کہا کہ ہمیں ایسے امیج کو آگ میں ڈالنا چاہیے اور ساتھ ہی طاہر صاحب کو بھی آگ میں ڈالنا چاہیے جو ٹی وی پر آکر اس طرح کی باتیں کرتے ہیں اور ہم سب کا مذاق اڑاتے ہیں۔مصدق ملک نے کہا کہ ہمارا طیارہ تباہ ہوا کیا ہمیں تحقیقات نہیں کرنی چاہیے اور اگر کوئی ناکامی ہے تو کیا ہمیں ذمہ دار کا تعین نہیں کرنا چاہیے؟ کیا ہمیں واقعے کی تہہ تک نہیں جانا چاہیے؟مصدق ملک کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے بعد صحافی طاہر عمران نے بھی اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں طاہر عمران نے کہا کہ لائیو ٹی وی شو پر مصدق ملک نے میری ذات پر حملہ کیا اور مجھے زندہ جلانے کی بات کرکے انہوں نے میرے خلاف تشدد پر اکسایا۔طاہر عمران نے کہا کہ میں ان صاحب کی نفرت انگیز گفتگو سن کر دنگ ہوں جن کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے۔معاملہ گرم ہونے پر مصدق ملک نے اپنی غلطی کا اعتراف کیا اور صحافی سے معذرت بھی کی۔مصدق ملک کی معافی کے بعد صحافی طاہر عمران نے بھی معاملے کو رفع دفع کرتے ہوئے کہا کہ خوشی ہوئی کہ آپ نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے معذرت کرلی، میری ہمدردی لواحقین کے ساتھ ہیں اور میں بھی چاہتا ہوں کہ جامع تحقیقات ہوں۔
مصدق ملک

مزید :

صفحہ اول -