پیٹرول مہنگا کرنا عوام دشمن اقدام ہے،حامدسعیدکاظمی

پیٹرول مہنگا کرنا عوام دشمن اقدام ہے،حامدسعیدکاظمی

  

کراچی(این این آئی)نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ سابق وفاقی وزیرمذہبی اُمورصاحبزادہ سیدحامدسعیدکاظمی، پارٹی صدرسابق وفاقی وزیرپیٹرولیم ڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب،میاں خالدحبیب ایڈووکیٹ،علامہ نسیم احمد صدیقی، شبیر احمدقاضی،الحاج محمدرفیع،پیر زادہ غلام حسین چشتی،حاجی احمدمجاہد نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 25روپے اضافہ کو غریب عوام کو مزید مہنگائی کے بوجھ تلے مارنے کے مترادف اقدام قراردیتے ہوئے کہاہے کہ وزیر اعظم نے چند روزپہلے ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا کریڈٹ لیتے ہوئے اسے غریب عوام کیلئے بڑاریلیف قراردیا تھااورپیٹرول مافیاکے خلاف سخت ایکشن لینے کابھی اعلان کیا تھا۔یکم جون کوجب پیٹرول سستاہوا، کمی کا فائدہ عوام تک نہیں پہنچا یاگیالوگ پیٹرول کی تلاش میں دربدگھوم رہے تھے۔اب عوام کے ذہنوں میں یہ سوال پیداہوتا ہے کہ حکومت اچانک پیٹرولیم کمپنیزکے سامنے گھٹنے ٹیکنے پرکیوں مجبورہوئی؟ راتوں رات پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اضافہ کس کے کہنے پر کیاگیا؟ جبکہ قیمتوں کاپہلی تاریخ سے اطلاق کیا جاتاآپ نے تو نہ یکم جولائی کا انتظار کیا،نہ اوگراکی کسی سفارش کا حوالہ دیا؟چینی،آٹا،ادویات،اشیائے خوردونوش کی قیمتی بھی کنٹرو ل کرنے میں حکومت بے بس دکھائی دیتی ہے۔رہنماؤں نے کہاکہ عمران خان اقتدارمیں آنے سے پہلے کہاکرتے تھے کہ جب ملک میں مہنگائی ہوتی ہے تو”وزیر اعظم کرپٹ ہوتا“آج اس مہنگائی کا ذمہ دارکون ہے؟حاجی محمدحنیف طیب نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ناقابل برداشت اضافہ فوری واپس لیا جائے،بجلی،گیس،اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دیاجائے۔

مزید :

صفحہ آخر -