قونصلیٹ کے ذریعے تارکین وطن کی واپسی کا آپریشن ختم، یکم جولائی سے فلائٹس معمول کے مطابق چلیں گی

قونصلیٹ کے ذریعے تارکین وطن کی واپسی کا آپریشن ختم، یکم جولائی سے فلائٹس ...
قونصلیٹ کے ذریعے تارکین وطن کی واپسی کا آپریشن ختم، یکم جولائی سے فلائٹس معمول کے مطابق چلیں گی

  

دبئی (طاہر منیر طاہر) خصوصی پروازوں کے ذریعے امارات سے تارکین وطن کی واپسی کا آپریشن ختم ہوگیا۔ حکومت پاکستان نے فضائی حدود کھول دی ہیں اور یکم جولائی 2020ءسے نارمل فلائٹس کھل جائیں گی جبکہ ایئربلیو اور دیگر ایئرلائنز کو بھی اپنی فلائٹس شروع کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی کے قونصل جنرل احمد امجد علی نے آج پاکستانی قونصلیٹ دبئی میں ایک میڈیا بریفنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ احمد امجد علی نے کہا کہ 21 مارچ 2020ءسے لے کر 27 جون تک پی آئی اے کی 138 اور فلائی دبئی کی تین پروازوں کے ذریعے 30229 مسافروں کو امارات سے پاکستان بھجوایا گیا ہے۔ 208 غیر کورونا میتیں بھی پاکستان روانہ کی گئی ہیں جبکہ 52 کورونا سے انتقال کرنے والوں کو یہیں دفن کردیا گیا ہے۔ لاک ڈاﺅن کے دوران مخیر لوگوں کے تعاون سے 17000 لوگوں کو راشن تقسیم کیا گیا جبکہ 460 بے گھر پاکستانیوں کو رہائش اور کھانا بھی مہیا کیا گیا۔

قونصلیٹ کی طرف سے 561 ضرورتمند پاکستانیوں کو ہوائی ٹکٹ بھی فراہم کیے گئے۔ ضرورتمند طلبا و طالبات کو آن لائن تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کے لیے لیپ ٹاپ بھی تقسیم کیے گئے۔ قونصل جنرل نے کہا کہ اب پاکستان جانے کے لیے قونصلیٹ آنے کی ضرورت نہیں بلکہ متعلقہ ایئرلائن یا ٹریول ایجنسی سے براہ راست ٹکٹ لی جاسکتی ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران پریس قونصلر شیخ عاشق حسین، گیان چند اور مصور عباس بھی موجود تھے۔

مزید :

عرب دنیا -تارکین پاکستان -