آزاد کشمیر کا اگلا وزیراعظم جیالا، بلاول بھٹو، پیپلز پارٹی کے صرف 8امید وار الیکشن ریس میں ہیں، پی پی چیئر مین کو پنی پارٹی پوزیشن معلوم نہیں: فواد چوہدری

آزاد کشمیر کا اگلا وزیراعظم جیالا، بلاول بھٹو، پیپلز پارٹی کے صرف 8امید وار ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 کوٹلی، ہجیرہ،تتہ پانی (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا عمران خان کشمیر کا سفیر بنتے بنتے اب کلبھوشن یادیو کا وکیل بن چکا ہے،کشمیر کے فیصلے کشمیری عوام نہیں بلکہ کٹھ پتلی کررہے ہیں، کٹھ پتلی وزیراعظم کی ڈکٹیشن پر نہیں چلیں گے، عمران خان عوام سے روٹی،کپڑا اور مکان چھین رہاہے،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کا ساتھ دیا ہے، جیالے اپنی محنت اور جدوجہد کو جاری رکھیں، آزادکشمیر کے عوام25جولائی کو تیر پر ٹھپے لگاکر پی پی پی کے اُمیدواروں کو کامیاب کرائیں، مہنگائی کے سونامی کو بھگائیں، عوام ہمارے ساتھ ہیں کوئی طاقت پیپلز پارٹی کا راستہ نہیں روک سکتی،عوام اورجیالوں کے جوش وخروش اور جذبہ نے واضح کردیا کہ پیپلز پارٹی الیکشن جیت رہی ہے، آزادکشمیر کاآئندہ کاوزیر اعظم جیالا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے  ہفتہ کو آزادکشمیر انتخابات کی مہم کے سلسلے میں تتہ پانی اور ہجیرہ کے مقام پر   جلسوں  سے خطاب کے دوران کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور کشمیریوں کا رشتہ 3 نسلوں کا ہے، آپ نے ذوالفقارعلی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کا ساتھ دیا اور انہوں نے آپ کا ساتھ دیا، پیپلزپارٹی نے آزاد کشمیرمیں جمہوریت اور پارلیمانی نظام کی بنیاد رکھی، آزاد کشمیر کے عوام عمران خان کی مہنگائی اور بیروزگاری کا مقابلہ کررہے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حملہ ہوتا ہے تو عمران خان کہتا ہے میں کیا کروں، مقبوضہ کشمیرمیں مودی حکومت ظلم کررہی ہے۔ کٹھ پتلی نے کشمیر ہائی وے کا نام سری نگر ہائی وے رکھ دیا، یہ ان کا جواب ہے۔ کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار جمعہ والے دن بھی صرف ایک ہفتہ کیا، اس کٹھ پتلی نے کشمیر کا سودا کر لیا ہے، کشمیر کے فیصلے کشمیری عوام نہیں بلکہ کٹھ پتلی کررہے ہیں، کٹھ پتلی وزیراعظم کی ڈکٹیشن پر نہیں چلیں گے، کشمیر کا سفیر بنتے بنتے عمران خان اب کلبھوشن یادیو کا وکیل بن چکا ہے، کلبھوشن یادیو کو این آر او دینے کے لئے آرڈیننس لایا گیا، کلبھوشن نے آرڈیننس کا فائدہ نہیں لیا تو پارلیمان میں آگئے، عمران خان نے صرف کلبھوشن کو این آر او دیا، اگر عمران خان نے کلبھوشن کو این آر او دینا ہے تو ہم اس کا ساتھ نہیں دیں گے۔ ہمارا نعرہ رائے شماری کا ہے، کشمیر سے متعلق فیصلے صرف کشمیری عوام کریں گے، کشمیر کے عوام پاکستان پیپلز پارٹی کا وزیر اعظم منتخب کریں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ کشمیرکے فیصلے کشمیر کے عوام ہی کریں، انشاء اللہ کشمیر کے فیصلے کشمیر کے عوام ہی کرینگے کوئی اور انکا فیصلہ نہیں کرسکتا، ہمارا پہلے دن کا موقف قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہیدؒ کا لگایانعرہ ہمارا نعرہ سب پہ بھاری رائے شماری رائے شماری تھا آج بھی اُسی موقف پر قائم ہیں،باقی جماعتوں کی پالیسی مختلف ہوسکتی ہے،لیکن پیپلز پارٹی کی ایک ہی پالیسی ہے اور اسی پالیسی کو ہمیشہ آن رکھیں گئے،پانچ اگست2019ء کو جب مودی نے مقبوضہ کشمیر پر تاریخی حملہ کیا تو بزدل عمران خان نے جو موقف اختیار کیا وہ تاریخ کا کمزور ترین موقف ہے،کٹھ پتلی کا کہنا تھاکہ ہم ہر جمعہ کو سرحد پر کھڑے ہوجائیں گئے، کشمیر ہائی وے کا نام آج سے سرینگر ہائی وے ہوگا، قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو ؒنے کشمیر پر ایک دلیرانہ موقف اختیار کیا اور کشمیریوں کی آواز کو بھرپور انداز میں بلندکرتے رہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام مودی کے ظلم وستم کا مقابلہ کررہے ہیں جبکہ آزادکشمیر کے عوام نااہل، ناکام ترین کٹھ پتلی حکمران عمران خان کی بیوقوف حرکتوں کا مقابلہ کررہے ہیں،یہاں کے عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب مر رہے ہیں، غربت اور بے روزگاری آخری حدود کو چھو رہی ہیں،پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے تاریخی اقدامات کئے،ملازمین کی تنخواہوں میں 120فیصد، پنشنروں کی پنشن میں 100فیصد جبکہ سپاہیوں کی تنخواہوں میں 170فیصد اضافہ کیا،اس کے بعد ن لیگ اور پی ٹی آئی کی حکومتوں نے کیا کچھ کیا، اس مشکل دور میں ایسی حکومت کی ضرورت ہے جو عوام کا ساتھ دے،عوام کی نظرقائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کی جماعت پیپلز پارٹی پرہے
بلال بھٹو

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کشمیرمیں پیپلز پارٹی کے آٹھ امیدوار الیکشن کی ریس میں ہیں،بلاول کی گفتگو سے لگتا ہے ان کو اپنی پارٹی پوزیشن کا پتہ ہی نہیں۔ اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بلاول اور مریم الیکشن مہم میں چلا چلا کر پاگل ہو گئے اور بعد میں ان پر انکشاف ہوا ان کی جماعتوں کے ٹکٹ پر ایک تہائی  امیدوار بھی انتخاب نہیں لڑ رہے تھے،کشمیرمیں پیپلز پارٹی کے آٹھ امیدوار الیکشن کی ریس میں ہیں،بلاول کی گفتگو سے لگتا ہے ان کو اپنی پارٹی پوزیشن کا پتہ ہی نہیں۔ فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا اسامہ بن لادن کو شہید کہنا زبان کی لغزش تھی۔نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت اور ریاست پاکستان القاعدہ اور اسامہ بن لادن کو دہشت گرد سمجھتی ہیں۔وزیراعظم عمران خان کا اسامہ بن لادن کو شہید کہنا زبان کی لغزش تھی۔ پاکستان نے اقوام متحدہ میں دہشت گردی کیخلاف جنگ کے حق میں ووٹ دیا اور دہشت گردی کیخلاف سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان نے دی ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس معاملے پر سوال کا جواب نہیں دیا تو ان کا یہ مطلب تھا اب آگے بڑھا جائے۔  ادھروفاقی وزیرامور کشمیر علی امین گنڈا پور  نے کہا ہے بلاول صاحب آپ کو اپنے انکل نواز شریف کی مذمت کرنی چاہیے جنہوں نے اپنے سارے دور حکومت میں ایک دفعہ بھی کلبوشن کا نام زبان سے نہ لیا،کشمیریوں کے دکھوں کا مداوا عمران خان ہی کریں گے،دنیا کے ہر فورم پر وہ کشمیریوں کے سب سے بڑے وکیل بن کر ابھرے ہیں۔چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پورنے کہا عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد کیلئے قانون سازی پر سیاست کرنا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔علی امین گنڈا پور ان کے ایسے بیانات واضح کرتے ہیں کہ انھیں ملک کا مفاد کتنا مقدم ہے؟۔ بلاول صاحب الیکشن جیتنے کیلئے امیدواروں کا ہونا ضروری ہے،پہلے آزاد جموں کشمیر میں اپنی پارٹی کی حیثیت کا پتہ کر لیں، لہٰذا مشورہ ہے کہ گلہ پھاڑ پھاڑ کر نہ اپنی طبیعت خراب کریں، نہ ہی ٹی وی چینلز کا وقت برباد کر یں۔دوسری طرف وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا بلاول صاحب، گلگت بلتستان کے حالیہ انتخابات میں آپکے امیدواروں کی ضمانتیں ضبط اور بدترین شکست ہوئی، آزاد کشمیر الیکشن میں بھی ایسی ہی شکست آپ کی منتظر ہے، پوری قوم جانتی ہے کہ گلگت بلتستان کے الیکشن سے قبل بھی آپ ایسے ہی بلبلا رہے تھے، کشمیری بلاول جیسے بنارسی ٹھگ کو انتخابات میں مسترد کریں گے۔ اتوار کو بلاول کے بیان پر ردعمل میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا بلاول، زرداری کی کرپشن کے وارث،کشمیریوں کو پتہ ہے عمران خان ہی ان کا سچا سفیر اور نجات دہندہ ہے،عمران خان کی کاوشوں سے مسئلہ کشمیرسے دنیا واقف ہوچکی ہے۔ بلاول صاحب، آپ کو اور آپکی پارٹی کو کرپشن اور حکومت پر تنقید برائے تنقید کے اور کچھ آتا بھی نہیں،آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی پوزیشن سب سے بہتر ہے،وہاں پی ٹی آئی کی ہی حکومت بنے گی۔ تاریخ گواہ ہے جس الیکشن میں بلاول اور مریم گئے وہاں پی ٹی آئی کو ریکارڈ ووٹ حاصل ہوئے۔ پاکستان بھر بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام اگر کسی جماعت کو حقیقی عوامی پارٹی سمجھتے ہیں تو وہ پاکستان تحریک انصاف ہی ہے۔دریں اثناء معاون خصوصی سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہبازگل نے کہا پرچی چیئرمین کو مسئلہ کشمیر سے نہیں الیکشن جیتنے سے سروکار ہے۔گزشتہ روز بلاول زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شہباز گل نے کہا کشمیر پاکستانیوں کے دل کے نہایت قریب ہے، بلاول کی کشمیر پر سیاست نہایت شرمناک ہے، الیکشنز کے وقت کشمیریوں کی یاد سراسر منافقت ہے، وزیراعظم عمران خان نے خود کو کشمیر کا سفیر کہا اور ثابت کیا، اقوام عالم کے سامنے کشمیر کا مقدمہ جیسے عمران خان نے لڑا کوئی نہ لڑ پایا، ماضی میں مسئلہ کشمیر پر آنکھیں بند رکھی گئیں۔ وزیراعظم نے تمام ہائی کمیشنز کو مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کیں، وزیراعظم کی زیرِ قیادت پوری دنیا میں مسئلہ کشمیر کو منظم انداز میں اجاگر کیا جارہا ہے۔
فواد چوہدری

مزید :

صفحہ اول -