ادویات پر 17فیصد ٹیکس ختم کر نے کی سمری وزیر اعظم کو بھیج دی،عبدالقادر پٹیل

ادویات پر 17فیصد ٹیکس ختم کر نے کی سمری وزیر اعظم کو بھیج دی،عبدالقادر پٹیل

  

 
 اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہاہے کہ سابقہ حکومت نے ادویات پر 17فیصد ٹیکس لگا دیا تھا، اس ٹیکس کو ختم کرنے کیلئے وزیر اعظم کو سمری بھیج دی ادویات کی قلت کو پورا کرنے کے لئے پالیسی بنا رہے ہیں، کراچی میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز ابھی قابو میں ہیں، پاکستان میں وائرس کی شرح ابھی تک 2اور 3 فیصدکے درمیان ہے، پولیو کے موذی مرض کے خاتمہ کیلئے جدوجہد جاری ہے، انسدادپولیو ٹیمیں ملک کے گلی کوچوں میں جا کر اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پولیو مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پوری قوت کے ساتھ اس موذی مرض کے خلاف کام جاری رکھے ہوئے ہیں،ماہرین کی ٹیمیں گلی کوچوں میں اپنا کام سر انجام دے رہی ہیں  قدرتی عوامل میں کے پی اور بلوچستان پولیو کے وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جن بچوں میں پولیو کے کیس رپورٹ ہوئے ان کی عمر 8 ماہ سے ایک سال تھی۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے ہماری انٹرنیشنل ہیلتھ کے اداروں سے ہماری میٹنگز جاری ہیں، گزشتہ حکومت نے ادویات پر 17فیصد ٹیکس لگا دیا تھا، اس ٹیکس کو ختم کرنے کے لئے وزیر اعظم کو سمری بھیج دی ہے۔انہوں نے کہا کہ کئی علاقوں میں والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلانا چاہتے، پاک فوج اور دیگر سکیورٹی فورسز ہمارے ساتھ اس مہم میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سی اور ڈی ایچ او اور میڈیا کی طرف سے آنے والی شکایت پر ایکشن ہو گا۔ وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ادویات کی قلت کو پورا کرنے کے لئے پالیسی بنا رہے ہیں، کراچی میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز ابھی قابو میں ہیں، پاکستان میں وائرس کی شرح ابھی تک 2 اور 3 کے درمیان ہے۔
عبدالقادر پٹیل

مزید :

صفحہ آخر -