کراچی میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج ، پولیس اور مظاہرین کے مابین جھڑپیں

کراچی میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج ، پولیس اور مظاہرین کے مابین ...
کراچی میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج ، پولیس اور مظاہرین کے مابین جھڑپیں

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل بندش سے پریشان شہری احتجاج پرمجبور ہوگئے،پولیس اورمظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔

نجی ٹی وی "ایکسپریس نیوز "کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل بندش پر شہری سراپا احتجاج ہیں، مختلف علاقوں میں مظاہرین اورپولیس کے درمیان  جھڑپیں  ہوئیں، مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا جبکہ پولیس نے احتجاج ختم کرانے کے لئے لاٹھی چارج کیا۔متعدد شہریوں کو گرفتاربھی کرلیا گیا۔

بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سےسب سے زیادہ متاثر لیاری اوراس کے اطراف کے علاقوں کے مکین سڑکوں پر نکل آئے اوراحتجاج کیا ، شہریوں کے احتجاج کے باعث ماڑی پور روڈ، حب ریور روڈ،آرسی ڈی ہائے وے، ایم ٹی خان،مائی کلاچی روڈ اوربوٹ بیسن تک ٹریلر، ٹرک ٹینکر سمیت گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

شہر میں بجلی کے بدترین بحران کے باعث لیاقت آباد،  جہانگیر آباد ، ناظم آباد ، پی آئی بی کالونی ، اورنگی ٹاؤن ، کورنگی اللہ والا ٹاؤن ، کورنگی الیاس گوٹھ ، لانڈھی فیوچر موڑ سمیت دیگر  علاقوں کے  مشتعل رہائشیوں نے سڑکیں بلاک کیں،پتھراؤ کیا اور کے الیکٹرک اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین سے بات چیت کے لیے جب تک کے الیکٹرک کا کوئی بڑا افسر نہیں آجاتا اور علاقے کی بجلی بحال نہیں ہوتی اس وقت تک مظاہرین کا منتشر ہونا مشکل ہے۔ بجلی کی بندش کے خلاف متعدد علاقوں میں پانی کا بھی بحران پیدا ہوگیا ۔ مختلف علاقوں میں پانی کی عدم فراہمی پر بھی احتجاج کیا گیا ۔

مزید :

قومی -علاقائی -سندھ -کراچی -