ٹریڈ آرگنائزیشنز کا ایف پی سی سی آئی کے انتخابات 2013 پر اعتراض

ٹریڈ آرگنائزیشنز کا ایف پی سی سی آئی کے انتخابات 2013 پر اعتراض

کراچی(اے پی اے ) وفاقی وزارت تجارت کے ماتحت ادارے ڈائریکٹریٹ جنرل ٹریڈ آرگنائزیشنز (ڈی جی ٹی او) نے وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی) کے انتخابات برائے سال 2013 پر اعتراض عائد کرتے ہوئے صدر اور دیگر عہدوں کے لیے انتخابات ٹریڈ آرگنائزیشنز ایکٹ 2013 کے مطابق منعقد کرنے کے احکام جاری کردیے ہیں جس کے بعد ایف پی سی سی آئی کے نومنتخب عہدیداروں نے بظاہر قانونی جواز کھودیا ہے اور انتخابات ازسرنوکرانا ہوں گے۔ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشنز نے مراسلے میں کہا ہے کہ ملک میں ٹریڈ آرگنائزیشن ایکٹ اور ٹریڈ آرگنائزیشنز رولز 2013 نافذ ہیں، ایف پی سی سی آئی کو سختی سے ہدایت کی جاتی ہے کہ ایکٹ اور رولز کے عین مطابق انتخابات منعقد کیے جائیں بالخصوص رول 18، رول 20 اور شیڈول ڈی سمیت ایف پی سی سی آئی کے آرٹیکل آف میمورینڈم کی اصل روح کے مطابق الیکشن منعقد کیے جائیں۔ ایف پی سی سی آئی کے ایک سینئر رکن کا کہنا ہے کہ اس سال پنجاب سے صدر منتخب کیاجانا ہے لیکن فیڈریشن کے اصولوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اسلام آباد سے صدر منتخب کیا گیا جو صوبے کاحصہ نہیں بلکہ فیڈرل ٹیریٹری کی حیثیت رکھتا ہے۔

مزید : کامرس