حکومت کراچی کے عوام کو اسلحہ رکھنے کی اجازت دے،سراج قاسم تیلی
کراچی (این این آئی) کراچی کی تاجر برادری کا کہنا ہے کہ تا جروں کی ٹارگٹ کلنگ معمول بن چکی ہے ، حکومت کراچی میں عوام کو اسلحہ رکھنے کی اجازت دے۔تاجر رہنما سراج قاسم تیلی کا کہنا تھا کہ مفاہمت کی سیاست نے کراچی کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے اور معیشت کا پہیہ چلانے والے تاجر اور صنعتکار بھی بھتہ مافیا اور لینڈ مافیا کا شکار بن رہے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ ملک کو ٹھیک کرنے کے لئے سب کو سچ بولنا اور سچ سمجھنا ہوگا اور چور کو چور کہنے کی طاقت پیدا کرنا ہوگی۔ سائٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین ارشد وہرہ کا کہنا تھا کہ ٹیکس ادا کرنے والے روزانہ قاتلوں کی گولیوں کا نشانہ بن رہے ہیں جبکہ عوام کے ٹیکس سے تنخواہیں اور مراعات لینے والے سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں کالے شیشے اور موٹر سائیکل والوں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے حکومت کو جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کرنا چاہیئے، کراچی میں تاجروں کی ٹارگٹ کلنگ معمول بن چکی ہے اور گزشتہ روز بھی سائٹ کے علاقے میں ایک تاجر کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا۔صنعتکاروں نے مطالبہ کیا کہ کراچی کو اسلحہ فری شہر قرار دیا جائے اور ہر ایک کو اسلحہ رکھنے کی اجازت دی جائے ،ان کاکہنا تھا کہ شہر میں ڈاکوں اور دہشت گردوں کے ہاتھوں میں اسلحہ دیکر عوام کو ان کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔