مصر کے فوجی سربراہ عبدالفتاح السیسی مستعفی، صدارتی انتخاب لڑنے کا اعلان

مصر کے فوجی سربراہ عبدالفتاح السیسی مستعفی، صدارتی انتخاب لڑنے کا اعلان

قاہرہ(آن لائن) مصرکے فوجی سربراہ فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے کرصدارتی انتخابات میں حصہ لینے کااعلان کر دیا ۔ چیف آف اسٹاف صدقی صبحی کو ترقی دے کر جنرل اور آرمی چیف بنا دیا گیا۔ مصر کے پہلے منتخب جمہوری وزیراعظم محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹنے والے عبدالفتاح السیسی نے سرکاری ٹی وی سے خطاب میں فوجی سربراہ اور وزیر دفاع کے عہدے چھوڑنے اور ملک میں آئندہ ہونے والے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا۔ مصری الیکشن کمیشن کی جانب سے اتوار کے روز صدارتی انتخاب کا شیڈول جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ وا ضع رہے کہ فیلڈ مارشل السیسی نے جولائی 2013 میں عوامی مظاہروں کے بعد ملک کے منتخب صدر محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔ اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ مصر کو ’دہشتگردوں سے خطرہ ہے‘ اور وہ ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کر دیں گے۔مصر کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق رواں ماہ کے آغاز میں انھوں نے کہا تھا کہ مصری عوام کی اکثریت چاہتی ہے کہ وہ صدر کا الیکشن لڑیں اور وہ ان مطالبوں سے پہلو تہی نہیں کر سکتے۔

عبدالفتاح السیسی کے مخالف انھیں ملک میں بڑے پیمانے پر حقوقِ انسانی کی خلاف ورزیوں کے لیے ذمہ دار گردانتے ہیں اور انھیں خدشہ ہے کہ السیسی کے صدر بننے کی صورت میں ملک سے حسنی مبارک کی حکومت کے خاتمے کے صرف تین برس بعد ایک اور مطلق العنان حکومت قائم ہو جائے گی۔مصر میں صدارتی انتخاب کے لیے نامزدگی کا عمل اتوار سے شروع ہونے والا ہے تاہم حکومت نے تاحال الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے۔صدارتی انتخاب میں السیسی کا مقابلہ بائیں بازو کے سیاست دان حمدین صباحی سے متوقع ہے جو 2012 کے صدارتی انتخاب میں تیسرے نمبر پر رہے تھے۔ ان دونوں کے علاوہ تاحال کسی شخص نے صدارتی الیکشن میں حصہ لینے کا خیال ظاہر نہیں کیا ہے۔

مزید : عالمی منظر