لاہور چیمبر اورپنجاب لیبر اینڈ ہیومن ڈیپارٹمنٹ میںمفاہمتی یادداشت پر دستخط

لاہور چیمبر اورپنجاب لیبر اینڈ ہیومن ڈیپارٹمنٹ میںمفاہمتی یادداشت پر دستخط

لاہور(کامرس رپورٹر) سارک انٹرنیشنل نمائش کو کامیابی سے ہمکنار کرنے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پنجاب لیبر اینڈ ہیومن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کی رو سے دونوں ادارے مطلوبہ اہداف کے لیے مل کر کام کریں گے۔ لاہور چیمبرکی جانب سے اس کے صدر انجینئر سہیل لاشاری جبکہ پنجاب لیبر اینڈ ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کیپٹن (ر) محمد یوسف نے دستخط کیے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں طارق مصباح، سابق سینئر نائب صدور ملک طاہر جاوید، شیخ محمد ارشد ،ایگزیکٹو کمیٹی رُکن میاں محمد افضل، ایڈیشنل سیکریٹری لیبر ناصر جمیل خان اور ڈائریکٹر جنرل لیبر طارق اعوان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مفاہمتی یادداشت کی رو سے دونوں ادارے ڈیٹا کا تبادلہ کریں گے اور 25سے 27اپریل تک منعقد ہونے والی سارک انٹرنیشنل نمائش کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبرکے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت کے بہت دور رس نتائج برآمدہونگے اور تمام سٹیک ہولڈرز کے درمیان ہم آہنگی کی فضا پیدا ہوگی جو کامیابی کے لیے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اہداف حاصل کرنا تب تک ممکن نہیں رہے گا جب تک پبلک اور پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز مشترکہ کوششیں نہیں کرتے۔ لاہور چیمبر معاشی بحالی کے لیے اٹھائے جانے والے حکومتی اقدامات کی بھرپور سپورٹ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبرپبلک پرائیویٹ ڈائیلاگ کے نئے طریقہ کے تحت کام کررہا ہے اور اس سلسلے میں جلد ہی ایک پیپر وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو پیش کیا جائے گا۔

جو صوبے کو معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کے لیے انتھک کوششیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ ڈائیلاگ کا بنیادی مقصد تجارتی و معاشی پالیسیوں کی تشکیل سازی میں مشاورت کے عمل کو فروغ دینا ہے کیونکہ جب تک سٹیک ہولڈرز کو شامل مشاورت نہیں کیا جائے گا تب تک قابلِ عمل پالیسیاں بناناممکن نہیں۔ ترقی یافتہ ممالک پہلے ہی پبلک پرائیویٹ ڈائیلاگ کا طریقہ کار اپناکر بھاری فائدے حاصل کررہے ہیں۔ سارک انٹرنیشنل نمائش کے بارے میں لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ یہ تین روزہ میگا ایونٹ علاقائی تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ تجارتی وفود کا تبادلہ اور نمائشیں معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتی ہیں لہذا لاہور چیمبر اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ صوبائی سیکریٹری کیپٹن (ر) محمد یوسف نے لاہور چیمبر کے صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس میگا ایونٹ میں نجی شعبے کی شرکت کامیابی کی ضمانت ہوگی۔ انہوں ے کہا کہ لیبر ڈیپارٹمنٹ نجی شعبے کے ساتھ روابط بڑھانے کے لیے اقدامات اٹھارہا ہے۔ لیبر ڈیپارٹمنٹ نے جی ایس پی پلس پر کپیسٹی بلڈنگ پروگرام شروع کیا ہے جس سے نجی شعبے کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔

مزید : کامرس