سمیڈا کی چینی وفد کو سپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاری کی پیشکش

سمیڈا کی چینی وفد کو سپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاری کی پیشکش

لاہور(کامرس رپورٹر)سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی ”سمیڈا“ نے پاک۔ چائینہ جواینٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی دعوت پر آنے والے24 رکنی چینی سرمایہ کاری وفد کو پاکستان میں قائم کئے جانے والے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ یہاں سمیڈا کے صدر دفتر میں وفد کے اعزاز میں منعقدہ اجلاس کے دوران پاکستان میں ایس ایم ای سکیٹر میں موجود مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ سمیڈا کی طرف سے اس موقع پر ڈپٹی جنرل مینیجر پالیسی اینڈ پلاننگ مس نادیہ جہانگیر، مینیجر ایکسٹرنل ریلیشنز مسٹر شہر یا ر طاہر اور یونیڈو کے تعاون سے سمیڈا میں قائم انویسٹمنٹ پروموشن یونٹ کے پراجیکٹ مینیجر محمد عمران چوہدری نے وفد کو بریفنگ دی۔وفد کی قیادت یانٹائی چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وائس چیئرمین مسٹر ٹین شینگ سی کر رہے تھے۔جبکہ وفد کے کوآرڈینیٹرکے طور پر پاک چائینہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے جنرل سیکرٹری مسٹر صلاح الدین حنیف بھی موجود تھے۔ وفد کے قائد مسٹر ٹین شینگ سی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کے گہرے دوستانہ مراسم کو دو طرفہ اقتصادی تعاون کے منصوبوں میں ڈھالنے کیلئے صنعتی اور تجارتی وفود کا تبادلہ بے حد ضروری ہے۔ دونوں ممالک کی حکومتیں ایسے وفود کی حوصلہ افزائی کر رہی ہیں۔ انہوںنے کہا یہی وجہ ہے چین سے صنعتی و تجارتی وفود کی پاکستان آمد کا سلسلہ تیز تر ہوگیا ہے اور ان وفود کے نتیجے میں منظر عا م پر آنے والے مشترکہ سرمایہ کار ی اور باہمی تجارت کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے نہ صرف پہلے سے موجود پاک چائینہ جواینٹ چیمبرکو مظبوط بنا یا جا رہے۔

 بلکہ ایک نیا چیمبر ©”پاکستان ینٹائی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مشترکہ سرمایہ کاری کے سلسلے میں سمیڈ ا کی طرف سے فراہم کردہ معلوما ت کو انتہائی مفید قرار دیا اور کہا انکا وفد کے ارکان ایگریکلچر کے حوالے سے کھاد، کرم کش ادویات اور بیج کے صنعتوں میں اشتراک عمل کے خواہاں ہیں جبکہ ٹیکسٹائل کی صنعت میںسپننگ ، ڈائینگ، پرنٹنگ اور گارمنٹس بالخصوص جین کے ملبوسات کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں میں دلچسپی رکھتے ہیں اور یہ تمام تر شعبے ایس ایم ای سیکٹر سے ہی تعلق رکھتے ہیں۔اس موقع پر پاکستان میں قائم چینی کاروباری و صنعتی اداروں کی ایسوسی ایشن کی لاہور برانچ کے صدر مسٹر وانگ ژہائی(Mr. Wang Zihai) نے بتا یا کہ پاکستان کے نجی اور سرکاری شعبہ کی طرف سے گرمجوشی کے اظہار پر چینی وفد بے حد خوش ہے اور پر امید ہے کہ انکی پاکستان آمد کے ٹھوس اور مثبت نتائج برآمد ہونگے۔انہوں سمیڈا کے تعاون اور پر جوش خیر مقدم کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔

مزید : کامرس