اقوام عالم کے ساتھ شانہ بشانہ چلنے کیلئے تعلیم کو بنیادی اہمیت دینا ہو گی، فرخ جاوید

اقوام عالم کے ساتھ شانہ بشانہ چلنے کیلئے تعلیم کو بنیادی اہمیت دینا ہو گی، ...

لاہور(کامرس رپورٹر)ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور اقوام عالم کے ساتھ شانہ بشانہ چلنے کیلئے تعلیم کو بنیادی اہمیت دینا ہو گی شرح خواندگی میں اضافے کیلئے سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ نجی تعلیمی اداروں کی کاوشیں بھی قابل تعریف ہیں۔ سکول میں دیگر بچوں کے ساتھ ا سپیشل بچوں کیلئے علیحدہ کلاسز کا اجراءنہایت احسن اقدام ہے۔ ملک پاکستان کو اس وقت دہشت گردی اور توانائی بحران کا سامنا ہے۔ تعلیم اور تربیت کے زریعے ہی ان مسائل کا حل ممکن ہو گا۔ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ملک کی قیادت درد دل رکھنے والوں کے ہاتھ میں ہے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے ایم ڈی پبلک ہائی سکول کی سالانہ تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سکول کے پرنسپل محمد اسلم ، اساتذہ اور طلباوطالبات کے ساتھ ساتھ والدین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

 تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی کیلئے تعلیم بنیادی اہمیت کی حامل ہے اور حکومت پنجاب تعلیم کے شعبے میں بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص بچیوں کی تعلیم معاشرے کی تربیت اور روشن مستقبل کیلئے نہایت ضروری ہے۔ اس موقع پر سکول کے طلباءنے مختلف ملی نغموں پر ٹیبلو پیش کیے اور وطن سے محبت کا کھل کر اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر فرخ جاوید نے گزشتہ تعلیمی سال کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبا و طالبات اور اساتذہ میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں

مزید : میٹروپولیٹن 4