پیمرا میں تعیناتیاں، 3ممبران کیخلاف درخواست پر وفاق سے جواب طلب

پیمرا میں تعیناتیاں، 3ممبران کیخلاف درخواست پر وفاق سے جواب طلب

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے پیمرا ءکے تین ممبران کی تعیناتیوں کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار این جی او کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ وفاقی حکومت نے پیمراءآرڈیننس کو نظر انداز کرتے ہوئے پیمراءکے تین ممبران پرویز راٹھور،گوہر اعجاز اور اسرار عباسی کو تعینات کیا۔انہوں نے کہا کہ تینوں ممبران کو میرٹ کے برعکس سیاسی بنیادوں پر تعینات کیا گیا ہے جس سے پیمراءکے انتظامی معاملات درہم برہم ہونے سے ادارے کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ سیاسی بنیادوں پر تعینات تینوں ممبران کو برطرف کر کے قواعد کے مطابق میرٹ پر ممبران کی تعیناتیوں کا حکم صادر کیا جائے۔جس پر عدالت نے وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

مزید : صفحہ آخر