پی ایس آئی کارپوریشن نوجوانوں کو بلا سود 3 ارب کے قرضے دے رہی ہے،گورچانی

پی ایس آئی کارپوریشن نوجوانوں کو بلا سود 3 ارب کے قرضے دے رہی ہے،گورچانی

لاہور ( سپیشل رپورٹر) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی گورچانی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے عام آدمی کی فلاح و بہبود و معاشی خوشحالی کے لئے نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی ، پنجاب روزگار بنک کا اجراء، ہیلتھ انشورنس سکیم اور کم وسائل طبقات کی فلاح کے لئے خصوصی پروگرام شروع کئے ہیں - پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ذریعے بیروز گار نوجوانوں کو خود روز گار سکیم کے تحت 3 ارب روپے کے سود سے پاک قرضہ جات دیئے جا رہے ہیں اس کے علاوہ ٹیوٹا کورسز کے ذریعے نوجوانوں کو ہنر مند بنا کربرسر روز گار کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں اپنے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ آنے والا دور پاکستان کی خوشحالی کا دور ہے کیونکہ اس وقت پاکستان کو ایک مخلص قیادت دستیاب ہے جس کی دیانتداری اور پاکستان میں بہتری لانے کے عزم کو دیکھتے ہوئے دنیا کا رخ ہماری طرف ہو گیا ہے، پر امن معاشرے کے قیام اور معاشی خوشحالی کے لئے حکومت ترجیحی فنڈز فراہم کررہی ہے۔صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے حکومت نے 102ارب روپے مختص کئے ہیں ۔ صوبے کے 4انتہائی پسماندہ اضلاع میں ہیلتھ انشورنس سکیم کے اجراءکے لئے 4ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے ۔کم وسائل رکھنے والے لوگوں کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے 7ارب 50 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

مزید : صفحہ آخر