آج سے لیڈی ٹریفک وارڈنز موٹرسائیکلوں پر پٹرولنگ کریں گی

آج سے لیڈی ٹریفک وارڈنز موٹرسائیکلوں پر پٹرولنگ کریں گی

لاہور(وقائع نگارخصوصی)سی ٹی او لاہور سہیل چوہدری نے کہا ہے آج سے شہر میں وارڈنز کے ساتھ ساتھ لیڈی ٹریفک وارڈنز بھی موٹرسائیکلوں پر پٹرولنگ کریں گی۔انہوں نے لبرٹی پارکنگ میں تقریب کے دوران 2 ماہ کی تربیت مکمل کرنے والی لیڈی ٹریفک وارڈنزکی کارکردگی دیکھی جہاں سے انہوں نے پٹرولنگ کا آغاز کیا ۔ تقریب میں ایس پی ہیڈکواٹر اور دیگر افسران بھی شریک تھے۔سہیل چوہدری نے کہا کہ 2ماہ کی ٹریننگ مکمل کرنے والی ٹریفک وارڈنز میں صبا نور ، عروسہ ، انا عزیز،سدرہ سلیم، سدرہ ریاض،سعدیہ اور فرزانہ شامل ہیں۔جنہیں موٹر سائیکل ڈرائیونگ کی تربےت سٹی ٹریفک پولیس کے ماہراساتذہ اور اٹلس ہنڈاکے ماہرین نے دی اس کے علاوہ موٹر سائیکل کی ٹیکنیکل تربیت اٹلس ہنڈا کے ماہرین کی زیرِ نگرانی کروائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر یہ لیڈی ٹریفک وارڈنز شہر میں پٹرولنگ اور ٹریفک کی روانی کیلئے ڈیوٹی کریں گی۔جبکہ مزید لیڈی وارڈنز کی ٹریننگ بھی جاری ہے جس کے بعد بوقت ضرورت مزید موٹرسائیکلسٹ لیڈی وارڈنز کی خدمات لی جا سکیں گی۔تربیت مکمل کرنے والی ان موٹرسائیکلسٹ لیڈی وارڈنز نے موٹرسائیکلوں پر لبرٹی پارکنگ سے فوارہ چوک تک چکر لگایا اور واپسی لبرٹی پارکنگ آئیں۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ ٹریفک کی روانی میں سٹی ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں اور ٹریفک کی صورتحال جاننے کے لئے ٹریفک ہیلپ لائن 0423-1915پر رابطہ کریں۔

سہیل چودھری

مزید : صفحہ اول