لاہور ہائیکورٹ نے بھٹہ مالک کی قید سے بازیاب 8مزدوروں کو رہا کر دیا
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے بھٹہ مالک کی قید سے بازیاب کرائے گئے 8بھٹہ مزدوروں کو رہا کر دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس افتخار حسین شاہ نے کیس کی سماعت کی۔عدالتی بیلف نے بازیاب کرائے گئے آٹھوں افراد کو عدالت میں پیش کیا۔بیلف نے عدالت کو آگاہ کیا کہ بیلف کے چھاپہ مارنے پر بھٹہ مالک نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ان پر ہلہ بول دیا اور گاڑیوں کے شیشے توڑ ڈالے تاہم پولیس کی مداخلت کی بناءپر بھٹہ مزدوروں کو بازیاب کرا لیا گیا۔تھانہ فیکٹری ایریا کے ایس ایچ او نے عدالت کو بتایا کہ بیلف سے مزاحمت کرنے پر نو افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ایس ایچ او نے عدالت کو مقدمہ کی کاپی فراہم کر دی۔جس پر عدالت نے بازیاب کرائے گئے آٹھوں مزدوروں کو فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دئے دیا۔عدالتی حکم پر رہائی پانے والوں میں آٹھ خواتین مزدور بھی شامل ہیں۔