ڈکیتی چوری کی وارداتوں میں ملوث 2 گروہوں کے 4 ملزم گرفتار 2 ساتھی فرار

ڈکیتی چوری کی وارداتوں میں ملوث 2 گروہوں کے 4 ملزم گرفتار 2 ساتھی فرار

لا ہو ر (کرا ئم سیل )ملت پارک پولیس نے ڈکیتی،راہزنی اور موٹر سائیکل چوری کی واراتیں کرنے والے 2گروہوں کے 4ملزموں کو گرفتار کر کے ان سے مختلف وارداتوں میں لوٹا گیا لاکھوں روپے مالیت کی مال مسروقہ اور ناجائز اسلحہ برآمدکرلیا ہے۔ تفصیلا ت کے مطابق سی سی پی او لاہو ر چوہدری شفیق احمد نے شہر میں ڈکیتی،راہزنی، چوری اور دیگرجرائم کی وارداتوں کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز اورڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو ان وارداتوں میں ملوث ڈاکوؤں، راہزنوں، چوروں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کو گرفتارکرنے کاحکم دیا ۔ ایس پی اقبال ٹاؤن توصیف حیدر نے ایس پی اوسمن آباد شائستہ ندیم کی سربراہی میں ایس ایچ او ملت پارک غلام باری اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم تشکیل دی جس نے پیجی ڈکیت گینگ کے سرغنہ پرویز عرف پیجی اور اس کے ساتھی تنویر کو گرفتار کر کے ان سے مختلف وارداتوں میں چھینی گئی 2مسروقہ موٹر سائیکلیں،موبائل فونز، نقدی اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے جبکہ ملزموں کا تیسرا ساتھی محرم علی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزما ن سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں اور اس سے قبل بھی ڈکیتی اور راہزنی کے مقدمات میں کئی مرتبہ جیل جا چکے ہیں جو رہا ہوتے ہی دوبارہ وارداتیں شروع کر دیتے تھے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزموں نے تھانہ ملت پارک، سمن آباد،ہنجر وال، ساندہ،اقبال ٹاؤن، گلشن اقبال، گلشن راوی ،اچھرہ اوررائیونڈ سٹی کے علاقوں میں ڈکیتی اور راہزنی کی21 مزید وارداتوں کا اعتراف کیا ہے جبکہ ملزموں کے خلاف مذکورہ تھانوں میں ڈکیتی اور راہزنی کے متعددمقدمات بھی ٹریس ہوئے ہیں۔اسی پولیس ٹیم نے فدی موٹر سائیکل چور ینگ کے سرغنہ محمد فرید عرف فدی اور اس کے ساتھی روکسن مسیح کو گرفتار کر کے ان سے چوری کی گئی 3 موٹر سائیکلیں، موٹر سائیکلوں کے انجن،موبائل فونزاور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے جبکہ ملزموں کا تیسرا ساتھی سرجیل موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزموں نے تھانہ ملت پارک، سمن آباد، گلشن اقبال، اقبال ٹاؤن، گلشن راوی اور گارڈن ٹاؤن کے علاقوں میں موٹر سائیکل چوری کی15 مزید وارداتوں کا اعتراف کیا ہے جبکہ ملزموں کے خلاف مذکورہ تھانوں میں موٹر سائیکل چوری کے متعددمقدمات بھی ٹریس ہوئے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز رانا عبدالجبار نے ایس ایچ اوملت پارک اوران کی ٹیم کے لئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

مزید : علاقائی