حکومت بائیوٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے

حکومت بائیوٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ ملک میں بائیوٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے اور زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص کرے کیونکہ مستقبل بائیوٹیکنالوجی سے وابستہ ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ پاکستان میں بائیوٹیکنالوجی کے شعبے میں قائدانہ کردار ادا کرسکتا ہے لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ حکومت اور نجی شعبہ مل کر کام کریں۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ روایتی فیول کے بجائے اب بائیوفیول کو فروغ دینا ہوگا جس سے توانائی کے روایتی ذرائع پر انحصار کم ہوگا اور توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، برازیل اور چین جیسے ترقی یافتہ ممالک میں ایتھانول کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے جبکہ بہت سے ممالک توانائی کے متبادل ذرائع سے چلنے والی گاڑیاں متعارف کروارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ممالک مکئی، گنے، سویا بین، پام آئل وغیرہ سے ایتھانول حاصل کررہے ہیں جو نہ صرف سستا بلکہ ماحول دوست بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوڑے کرکٹ اور جڑی بیوٹیوں کے ذریعے بھی بائیوفیول کا حصول ممکن ہوگیا ہے ۔ اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں اس شعبے میں کوئی قابل ذکر کام نہیں ہوا حالانکہ ملک بائیوفیول کے حصول کے لیے تمام وسائل سے مالامال ہے۔   انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ وسیع پیمانے پر جیٹروفا پودے کی کاشتکاری کی حوصلہ افزائی کرے جس سے بائیوڈیزل حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف کاشتکاروں کو فائدہ ہوگا بلکہ آئل امپورٹ بل میں بھی نمایاں کمی آئے گی اور ماحولیاتی آلودگی کے مسائل سے بھی چھٹکارا پانا ممکن ہوگا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو بائیوفیول کی افادیت سے آگاہ کرے اور اس شعبے میں غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا یہی موقع ہے کہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹرز مل کر بائیوفیول کے شعبے کی صلاحیتوں سے بھرپور فاودہ اٹھائیں جس سے ملک اور عوام دونوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے بالخصوص پنجاب حکومت پر زور دیا کہ وہ بنجر اور بیکار زمین کو بائیوفیول کی پیداوار کے لیے استعمال کرے۔

مزید :

کامرس -