پاکستان اور یو اے ای میں عشروں سے بہترین تعلقات ہیں ، نواز شریف

پاکستان اور یو اے ای میں عشروں سے بہترین تعلقات ہیں ، نواز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (اے پی پی) متحدہ عرب امارات کی کمپنی خیبر پختونخوا میں 500 ملین ڈالر کی لاگت سے ایک جدید آئل ریفائنری قائم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے جو 2016ء کے وسط تک کام شروع کر دے گی۔ متحدہ عرب امارات کی کمپنی ایگزیلرا ریسورسز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شیخ محمد احمد علی الکتوب النعیمی نے وزیراعظم محمد نواز شریف سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی اور انہیں پاکستان میں اپنی کمپنی قائم کرنے سے متعلق آگاہ کیا۔ برکلے انرجی کے چیئرمین چوہدری افتخار نے وزیراعظم کو بتایا کہ ریفائنری میں یومیہ 50 ہزار بیرل تیل کی پیداوار کی گنجائش ہوگی جو 400 تا 500 ایکڑ اراضی پر قائم ہوگی۔ اگلے تین سال کی مدت میں ریفائنری کی پیداواری گنجائش بڑھا کر یومیہ ایک لاکھ بیرل کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی کمپنی یونائیٹڈ پٹرولیم کے نام سے رجسٹر کی گئی ہے۔ وزیراعظم نے آئل ریفائنری کے قیام کے لئے حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دلایا جو ملک کے لئے بڑی اہمیت کی حامل ہوگی۔ متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عشروں سے بہترین تعلقات ہیں اور آئل ریفائنری جیسے پراجیکٹس سے باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کمپنی نے کرک اور کوہاٹ کے علاقوں میں ریفائنری کے لئے ممکنہ سائیٹس کی نشاندہی کی ہے اور ان مقامات پر دستیاب تیل اچھے معیار کا سویٹ کروڈ آئل ہے۔ شیخ محمد احمد علی الکتوب النعیمی نے وزیراعظم کو بتایا کہ ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے ریفائنری کا انتہائی اعلیٰ معیار ہوگا جس سے علاقے کو کوئی نقصان نہ ہوگا۔ وزیراعظم نے اس ریفائنری کو ملک کے لئے اسٹریٹجک اثاثہ قرار دیتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ابتدائی مرحلے میں اس کے لئے قریبی علاقوں کے سینکڑوں افراد کو روزگار ملے گا۔ دوسرے مرحلے کی تکمیل پر مجموعی طور پر دو تا تین ہزار روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جس سے علاقے کے لوگوں کو زبردست فائدہ ہوگا۔ وزیراعظم نے کمپنی سے کہا کہ اس پراجیکٹ پر جلد کام شروع کیا جائے جو علاقہ کے لوگوں کے لئے ایک بڑی نعمت ہوگی اور اس سے اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ ایگزیلرا گروپ کے منصور نے وزیراعظم کو بتایا کہ آئندہ چار تا چھ ہفتوں میں مناسب جگہ پر پراجیکٹ کا آغاز ہو جائے گا۔ شرکاء نے ریفائنری اور اس کے عملے کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ہدایات جاری کرنے پر وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا۔

مزید :

صفحہ اول -