چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ خواجہ امتیاز احمدکی ریٹائرمنٹ ،الوداعی تقریب کا انعقاد

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ خواجہ امتیاز احمدکی ریٹائرمنٹ ،الوداعی تقریب کا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگار خصوصی )چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس خواجہ امتیاز احمدکی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے عدالت عالیہ میں گزشتہ روزرسمی الوداعی تقریب منعقد ہوئی جس میں عدالت عالیہ کے نامزد چیف جسٹس منظور احمد ملک سمیت تمام جج صاحبان نے شرکت کی۔ اس موقع پر رجسٹرار حبیب اللہ عامر، افسران اور عدالتی اہلکار بھی موجود تھے۔ نامزد چیف جسٹس نے فاضل چیف جسٹس کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ اور گلدستہ پیش کیا۔ چیف جسٹس خواجہ امتیاز احمد نے 17 جون 2014 ء کو بطور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ اپنے عہدے کا حلف لیاتھا۔ قبل ازیں فاضل چیف جسٹس نے 1992 ء میں بطور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پنجاب کی ضلعی عدلیہ میں شمولیت اختیار کی اور 2000 ء میں انہوں نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے عہدے پر ترقی حاصل کی۔ جسٹس خواجہ امتیاز نے 9 سال سیشن جج رہنے کے بعد15ستمبر2009ء کو عدالت عالیہ کے ایڈیشنل جج کی حیثیت سے حلف لیاجنہیں 5ستمبر2011ء کو عدالت عالیہ کا مستقل جج بنا دیا گیا۔ فاضل چیف جسٹس تقریباََ 9 ماہ10 دن اس عہدے پر فائز رہنے کے بعد 29 مارچ کو ریٹائرڈ ہو رہے ہیں۔ ان کی سبکدوشی کے بعد عدالت عالیہ میں حاضر سروس جج صاحبان کی تعداد50 رہ جائے گی، جن میں 30 مستقل جبکہ 20 ایڈیشنل ججز شامل ہیں۔فاضل چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ کے بعد سینئر ترین جج منظور احمد ملک عدالت عالیہ کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ جوڈیشل کمیشن پاکستان اور پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے نامزد گی و منظوری کے بعد جسٹس منظور احمد ملک کی بطور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ تقرری کا نوٹیفکیشن پہلے ہی جاری کیا جاچکا ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -