لاہور میں قیامت صغری ، گلشن پارک میں خود کش حملہ ،72 افراد جاں بحق،315سے زائد زخمی

لاہور میں قیامت صغری ، گلشن پارک میں خود کش حملہ ،72 افراد جاں بحق،315سے زائد ...
لاہور میں قیامت صغری ، گلشن پارک میں خود کش حملہ ،72 افراد جاں بحق،315سے زائد زخمی

  

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )علامہ اقبال ٹاون کے علاقے میں واقع گلشن اقبال پارک میں خود کش دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 72 افراد جاں بحق جبکہ315سے زائد افراد زخمی ہو گئے ۔زخمیوں کو تشویش ناک حالت میں قریبی ہسپتالو ں میں منتقل کردیا گیا جن میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل ہے ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے علامہ اقبال ٹاون میں واقع گلشن اقبال پارک کے گیٹ نمبر ایک پر اتوار کی شام  خود کش حملہ کیا گیاجس کے نتیجے میں 72 افراد جاں بحق جبکہ  300 سے زائد زخمی ہو گئے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکہ پارک میں موجود جھولوں کے نزدیک ہوا ۔پولیس نے جائے وقوعہ سے تین مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ۔بم ڈسپوزل سکواڈ کا کہنا ہے کہ خود کش حملے میں 20کلو دھماکہ خیز مواد اور بال بیرنگ استعمال ہوا  ۔ریسیکیوذرائع کا کہنا ہے کہ  300 سے زائد زخمیوں کو فاروق ہسپتال ،شیخ زائد ہسپتال اور جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔اتوار کو مسیحی برداری کا ایسٹر کا تہوار اور چھٹی کے دن کی وجہ سے پارک میں کافی رش تھا جس کی وجہ سے قیمتی انسانی جانوں کا زیادہ ضیاع ہوا۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 72 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 29 بچے بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 315 کے لگ بھگ ہے۔

صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے لاہور میں خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ افراد سے دلی دکھ کا اظہار کیا ۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ دھماکے سے زخمی ہونے والے افراد کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں ۔ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب نے دھماکے کی پرزور مذمت کر تے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی  ۔وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے دھماکے سے زخمی ہونے والے افراد کو امدادی وسائل فراہم کرنے کا حکم  دیا ہے ۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -