لاہور بورڈ کا پمپنگ سسٹم خراب، پانی کی قلت سے ملازمین اور سائل بلبلا اٹھے

لاہور بورڈ کا پمپنگ سسٹم خراب، پانی کی قلت سے ملازمین اور سائل بلبلا اٹھے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(حافظ عمران انور)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں پانی کی شدید قلت ،پمپنگ سسٹم خراب ہونے کی وجہ سے بورڈ ملازمین اور سائلین پانی کی بوندبوند کو ترس گئے ۔صاف پانی کے12 کولر خراب ہونے کی وجہ سے روزانہ اپنے مسائل کے حل کے لئے آنے والے طلبہ اور ان کے والدین بھی مایوسی کا شکار ۔آنے والے طلبہ اور ان کے والدین باہر سے پانی خرید کر پینے پر مجبور ہیں ۔ میٹرک امتحانات کی مارکنگ کے لئے آنے والے اساتذہ بھی شدید پریشان ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی دنوں سے لاہور تعلیمی بورڈ کامرکزی پمپنگ سسٹم خراب ہے ۔جس کی وجہ سے بورڈ ملازمین اور وہاں پر روزانہ آنے والے سیکڑوں سائلین شدید پریشانی میں مبتلا ہیں ۔واضح رہے کہ چھ منزلہ بورڈ آفس میں گراونڈ فلور سے لے کر آخری منزل اور بورڈ آفس کی پرانی بلڈنگ کے علاوہ 18رہائشی فلیٹس بھی ہیں جن کو اسی واحد پمپنگ سسٹم کے ذریعے پانی کی ترسیل ہوتی ہے لیکن پمپنگ سسٹم میں خرابی کے باعث آفس ٹائمنگ میں کام کرنے والے ملازمین اور سائلین کے علاوہ فلیٹس میں رہائش پذیر درجہ چہارم کے ملازمین بھی پینے کے پانی کی قلت سے شدید اذیت سے دوچار ہیں ۔دوسری طرف ذرائع کے مطابق گرمی کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے بورڈ انتظامیہ نے طلبہ اور ان کے والدین کے لئے پینے کے صاف پانی کا کوئی انتظام نہیں کیا بورڈ آفس میں پہلے سے موجود واٹر کولر خراب ہیں جس کی وجہ سے بورڈ آفس میں آنے والے سائلین پانی باہر سے خرید کر پینے پر مجبور ہیں جو کہ بورڈ انتظامیہ کی نااہلی کا واضح ثبوت ہے ۔ ذرائع کے مطابق بورڈ آفس کے ملازمین اور وہاں روزانہ سیکڑوں کی تعداد میں آنے والے سائلین واش رومز میں پانی نہ آنے کی وجہ سے بورڈ انتظامیہ کو کوستے رہے ۔مرکزی پمپنگ سسٹم میں خرابی کے باعث میٹرک امتحانات کی مارکنگ کے لئے آنے والے اساتذہ بھی بار بار اپنا کام چھوڑ کر پانی کی تلاش میں رہتے ہیں جس سے میٹرک امتحانات کی مارکنگ میں تاخیر کا خدشہ ہے ۔اس حوالے سے جب سیکرٹری لاہور تعلیمی بورڈ ریحانہ الیاس سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ پانی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے جلد خراب پمپ کو تبدیل کر کے نیا پمپ لگا دیا جائے گا۔