ماسکو میں بڑی احتجاجی مظاہرے ، 900گرفتار ، اپوزیشن لیڈر کو 15روز قید کی سزا

ماسکو میں بڑی احتجاجی مظاہرے ، 900گرفتار ، اپوزیشن لیڈر کو 15روز قید کی سزا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ماسکو ( نیٹ نیوز)ماسکو کی عدالت نے روس کے اپوزیشن لیڈر الیکسی نوالنی کو مظاہروں کے دوران پولیس کا حکم نہ ماننے پر 15 روز قید کی سزا سنائی ہے۔اس سے قبل الیکسی نوالنی کو 20 ہزار روبل جرمانہ کیا گیا تھا۔ ماسکو میں سینکڑوں مظاہرین اور حزب اختلاف کے قائد کی گرفتاری پر کریملن نے کہا ہے کہ حزب مخالف نے قانون توڑا اور تشدد پر اکسایا۔کریملن کے ترجمان نے کہا کہ چند جوان مظاہرین کو اس مظاہرے میں شرکت کے لیے رقم دی گئی تھی۔اس سے قبل امریکہ نے روس میں بدعنوانی کے خلاف مظاہرے میں شرکت کرنے والے سینکڑوں مظاہرین کی گرفتاریوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے کہا کہ پر امن مظاہرین اور انسانی حقوق کے مبصرین کی گرفتاریاں جمہوری اقدار کی کھلی توہین ہیں۔ترجمان نے روسی حکومت سے ان کی رہائی کی اپیل کی ۔انھوں نے کہا کہ واشنگٹن کو صدر پوٹن کے شدید ناقد الیکسی نوالنی کی گرفتاری کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا ہے۔خیال رہے کہ ماسکو میں الیکسی نوالنی کو غبن اور بدعنوانی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے دوران گرفتارکیا گیا جنھوں نے ماسکو میں بدعنوانی کے خلاف اس مظاہرے کا انعقاد کیا تھا۔ برسوں میں ہونے والے اس بڑے مظاہرے میں شرکت کرنے والے وزیر اعظم دیمتری میدویدیف کے استعفے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ وزیر اعظم پر الزام ہے کہ انھوں نے عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھایا ہے۔الیکسی نوالنی کے علاوہ ملک بھر سے 900 مظاہرین کو حراست میں لیا گیا ہے ملک میں زیادہ تر مظاہرے غیرقانونی تھے کیونکہ حکام سے ان کی پیشگی اجازت حاصل نہیں کی گئی تھی۔احتجاجی مظاہروں میں صدر پوٹن کے خلاف بھی احتجاجی نعرے لگائے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق روس میں 2011/2012 کے بعد حکومت مخالف سب سے بڑے احتجاجی مظاہرے تھے۔حزب اختلاف کے رہنما الیکسی نوالنی وسطیٰ ماسکو میں جب احتجاجی مظاہرے میں شرکت کے لیے پہنچے تو انھیں گرفتار کر لیا گیا۔مظاہرین نے پولیس وین کو روکنے کی کوشش کی جس میں الیکسی نوالنی کو وہاں سے منتقل کیا جا رہا تھا۔ملک بھر سے 5 سو کے قریب مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے۔الیکسی نوالنی نے اپنی گرفتاری کے بعد ٹویٹ میں اپنے حامی مظاہرین سے کہا کہ وہ احتجاجی جاری رکھیں۔الیکسی نوالنی نے وزیراعظم دیمتری کے بارے میں رپورٹس شائع کی تھیں جن میں مبینہ طور پر کہا گیا تھا کہ وہ محلات، کشتیوں اور انگوروں کے باغات کے مالک ہیں یہ اثاثے ان کی سرکاری تنخوا کے حساب سے بہت زیادہ ہیں۔وزیراعظم کے ترجمان نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انھیں پروپیگنڈا پر مبنی حملہ قرار دیا۔خیال رہے کہ گذشتہ ماہ الیکسی نوالنی کو غبن اور بدعنوانی کا مرتکب پایا گیا تھا اور انھیں پانچ برس کی۔ معطل سزا سنائی گئی تھی۔اس سزا کے بعد وہ آئندہ برس صدر پوٹن کے خلاف صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کے اہل بھی نہیں رہے ہیں۔روس میں ایک عرصے کے بعد کسی مظاہرے میں اتنی بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں پر آئے ہیں۔تاہم الیکسی نوالنی نے ان تمام الزامات کو بیبنیاد قرار دیتے ہوئے آئندہ انتخاب میں حصہ لینے کا عزم ظاہر کیا تھا۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ قانونی طور پر یہ ممکن بھی ہے یا نہیں۔انھیں اس الزام میں دوسری بار عدالتی سماعت کے بعد قصوروار ٹھہرایا گیا کیونکہ انسانی حقوق سے متعلق یورپی کورٹ نے پہلی بار سماعت کو غیر منصفانہ قرار دیا ہے۔
ماسکو

مزید :

علاقائی -