کرپشن کے خاتمہ کیلئے ضرب عضب جیسا جذبہ چاہئے :گورنر پنجاب

کرپشن کے خاتمہ کیلئے ضرب عضب جیسا جذبہ چاہئے :گورنر پنجاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ کرپشن کو معاشرے سے ختم کرنے کے لئے نہ صرف زیرو ٹالرنس کی ضرورت ہے بلکہ ضرب عضب جیسا جذبہ درکار ہے۔ کرپشن جیسے ناسور کو ختم کرنے کے لئے ہم سب کو اپنا کردار قومی فریضے کے طور پر ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجرم کتنا بڑا کیوں نہ ہوقانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور گیریژن یونیورسٹی کا شعبہ ڈیجیٹل فرانزک ریسرچ اینڈ سروس سینٹر نیب کے افسران کے لئے ’’سرٹیفائڈ وائٹ کالر کرائم انویسٹی گیٹر‘‘ کورس کے حوالے سے منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وائس چانسلر لاہور گیریژن یونیورسٹی میجرجنرل(ر) عبید بن زکریا ، کورس کے ٹرینر اور ڈائریکٹر ڈی۔ایف ۔آر۔ایس۔سی مسٹر کوکب جمال زبیری ، ڈپٹی جنرل پراسیکیوٹر اکاوئنٹ بلٹی خلیق الزمان اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ قانون کوئی بُرا نہیں ہوتا صرف اس کے غلط استعمال پر اس کی ہیئت بدل جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں اگر ہم اپنے دلو ں کوخوف خدا سے آشنا کرلیں اور اپنی سوچ اور ذہنوں کو حق اور سچ کا خوگر بنالیں۔ گورنر پنجاب نے لاہور گیریژن یونیورسٹی کے وائس چانسلر میجر جنرل (ر) عبید بن زکریا کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے منفرد کورسز کا آغاز دوسرے تعلیمی اداروں کے لئے ایک مثال ہے جو ملک و قوم کی تعلیم و تربیت میں اہم کردار اداکرے گا۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ روز اول سے ان کا نصب العین باقی شعبوں کے ساتھ ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں یونیورسٹی کو نا صرف ملک بلکہ خطے کے اہم تعلیمی اداروں کے معیار تک لانا ہے اور اس مقصد کو حاصل کرنا ان کی اولیں ترجیح رہے گی۔اس موقع پر گورنر پنجاب کو ادارے کی جانب سے شیلڈ بھی دی گئی۔

مزید :

صفحہ آخر -