ناہید خان اور صفدر عباسی کا بھرپور سیاسی سر گرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ

ناہید خان اور صفدر عباسی کا بھرپور سیاسی سر گرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی)بینظیر بھٹو شہید کی سابق پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان اور پیپلز پارٹی ورکرزکے سربراہ ڈاکٹر صفدر عباسی نے مشترکہ طور پربھرپور سیاسی سر گرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ،4اپریل کو لاہور میں ذوالفقار علی بھٹو کی برسی بھرپور طریقے سے منائی جائے گی جبکہ 15اپریل کو پیپلز پارٹی اور پیپلز پارٹی ورکرز پنجاب کی جنرل کونسل کا مشترکہ اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ۔ناہید خان اور صفدر عباسی کی سربراہی میں گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور پیپلز پارٹی ورکرز کے عہدیداروں کا مشترکہ اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ وحدت روڈ پرمنعقد ہوا جس میں سردار حر بخاری،ساجدہ میر،ابن رضوی،رائنا رضوی،ثقلین شیرازی،نعمان جاوید،آغا مبین،آمنہ زیدی ،رائے قیصر سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں طے پایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی رجسٹریشن کے معاملے پر سپریم کورٹ میں دائر پٹیشن کی بھرپور پیروی کی جائے گی ۔ آنے والے دنوں میں سیاسی سر گرمیاں تیز کی جائیں گی اور اس سلسلہ میں وحدت روڈ پر واقع مرکزی سیکرٹریٹ کو فعال کر کے سیاسی سر گرمیوں کا مرکز بنایا جائے گا۔ اجلا س میں فیصلہ کیا گیا کہ 4اپریل کو ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے سلسلہ میں لاہور میں تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ ڈویژن کی سطح پر بھی تقریبات منعقد کی جائیں گی ۔ مزید فیصلہ کیا گیا کہ 15اپریل کو جنرل کونسل کے مشترکہ اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جائے گی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ناہید خان اور صفدر عباسی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کوخاندانی وراثت بنانے والوں کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ کارکن پرُ عزم ہیں انشا اللہ بہت جلد پارٹی کو مافیا زسے نجات دلائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد قیادت اور پیرا شوٹرز کی غلط پالیسیوں کے باعث آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں کی جماعت سکڑ کر سندھ کے چند حلقوں تک محدود ہو گئی ہے اور حیرانی کی بات ہے کہ پورے ملک کو فتح کرنے کی بڑھکیں بھی لگائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج بھی اس مطالبے پر قائم ہیں کہ پارٹی کو نقصان پہنچانے والوں کا کڑا احتساب کیا جائے اور تمام عہدوں پرانٹرا پارٹی انتخابات کرائے جائیں۔
ناہید خان