17کلو میٹر لمبی ٹرانسمیشن لائن سے 3گرڈ اسٹیشنز کوجوڑ دیا گیا‘لیسکو

17کلو میٹر لمبی ٹرانسمیشن لائن سے 3گرڈ اسٹیشنز کوجوڑ دیا گیا‘لیسکو

  

لاہور( کامرس رپورٹر)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی( لیسکو) کی تمام فیلڈ فارمیشنز پورے ریجن میں بجلی کے مظبوط اور بہتر ترسیلی نظام کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام سرانجام دے رہی ہیں اور اس ضمن میں سسٹم سے متعلق بہت سے ایسے کام مکمل کیئے جارہے ہیں جن کے باعث صارفین کو بجلی کی بہتر سپلائی باہم میسر ہوسکی ہے۔ترجمان کے مطابق والگن سہیل گرڈ اسٹیشن سے ننکانہ گرڈ اور موہلن گرڈ اسٹیشن تک 17کلومیٹرلمبی132Kv کی ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے ۔اس ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے لیسکو کے تینوں گرڈ اسٹیشنز کو آپس میں جوڑ دیا گیا ہے ۔جس کے بعد اب تینوں گرڈز کو ڈبل سورس حاصل ہو سکے گی ۔جس کے باعث مستحکم پاور سپلائی کے ساتھ ساتھ ٹیکنیکل لاسز میں بھی کمی واقع ہو گی ۔جبکہ پاور ٹرانسفر کرنے کے لیئے ریل کنڈکٹر نصب کیئے گئے ہیں جس کی بدولت مستقبل میں لوڈ بڑھنے کی صورت میں بھی پاور سپلائی کا معیار برقرار رہے گا۔دریں ازاں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 132Kv کے پانچ گرڈ اسٹیشنز پر ڈبل بس بارز کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے ان میں132kvشاد مان گرڈ ، 132kvشاہکوٹ گرڈ ، 132kvسید پور گرڈ،132Kvرینالہ خورد اور132Kv شالامار گرڈ اسٹیشن شامل ہیں۔جی ایس سی سرکل کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق اب تک 66گرڈ اسٹیشنز پر ڈبل بس بارز کا کام مکمل کر لیا گیاہے جبکہ بقایا 12گرڈ اسٹیشنز پر بھی کام جاری ہے ۔جی ایس سی کے مطابق 31مارچ 2018تک تمام 78گرڈ اسٹیشنز پر ڈبل بس بارز نصب کر دی جائیں گی۔دوسری جانب عطاآباد گرڈ اسٹیشن پر 40MVAکے پاور ٹرانسفارمر کا اضافہ کر دیا گیا جس سے صارفین کی پاور ڈیمانڈ کو پورا کرنے اور سسٹم کو درپیش رکاوٹوں کے خاتمے کے لئے مددحاصل ہو گی ۔

مزید :

کامرس -