جذباتی رشتوں پر مبنی فلم ’بیونڈ دی کلاوڈز'کاپہلاٹریلرجاری
ممبئی (نیٹ نیوز)ایرانی فلم ساز ماجد مجیدی ہندوستان میں اپنی فلم ’بیونڈ دی کلاوڈز' کی شوٹنگ طویل عرصے سے کررہے تھے جس کا پہلا ٹریلر آخر کار ریلیز کردیا گیا۔ماجد مجیدی کی ہر فلم کی کہانی رشتوں پر مبنی ہوتی ہے اور اس فلم کی کہانی بھی ایک خاندان پر مبنی ہے جن کا ایک دوسرے سے خون کا نہیں بلکہ پیار اور محبت کا رشتہ ہے۔اور اس ٹریلر کے ذریعے بھی شائقین کو ایسا ہی کچھ دیکھنے کا موقع ملا۔اس فلم میں بولی وڈ کے نامور اداکار شاہد کپور کے سوتیلے بھائی ایشان کھٹر نے مرکزی کردار ادا کیا ہے، جبکہ ملاویکا موہنن بھی پہلی مرتبہ اس فلم کے ساتھ سینما میں قدم رکھنے جارہی ہیں۔ فلم کی موسیقی اے آر رحمٰن نے دی ہے۔
جبکہ ویشال بھردواج نے فلم کے ہندی ڈائیلاگس تحریر کیے۔فلم کو ہندی، تامل اور انگریزی زبانوں میں ریلیز کیا جائے گا۔ ’بیونڈ دی کلاوڈز' رواں سال 20 اپریل کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔خیال رہے کہ بولی وڈ کی مہنگی ترین اور نمبر ون اداکارہ دپیکا پڈوکون نے بھی اس فلم کے لیے اوڈیشن دیا تھا، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوئیں تھیں۔