کلیرنس لیٹر نہ ہونے پر محمد آصف دبئی ایئرپورٹ سے ڈی پورٹ
دبئی (نیٹ نیوز)اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ فاسٹ باؤلر محمد آصف نے اپنی سزا تو پوری کرلی ہے لیکن ان کا ستارہ بدستور گردش میں دکھائی دے رہا ہے اور وہ مسائل اور مشکلات سے باہر نہیں آ پا رہے۔محمد آصف کو گذشتہ دنوں دبئی میں اس وقت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب انہیں دبئی ایئرپورٹ سے ڈی پورٹ کردیا گیا اور وہ چند گھنٹے ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام کی حراست میں رہنے کے بعد شارجہ میں ٹیپ بال ٹورنامنٹ کھیلے بغیر وطن واپس آگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد آصف نے شارجہ میں ایک ٹیپ بال ٹورنامنٹ کھیلنے کا معاہدہ کیا تھا تاہم جب وہ لاہور ایئرپورٹ سے دبئی ایئرپورٹ پر اترے تو اسکیننگ کے دوران انہیں امیگریشن حکام نے دبئی میں داخلے کی اجازت نہیں دی۔ اس دوران وہ امیگریشن حکام کی حراست میں رہے اور بعدازاں انہیں ڈی پورٹ کرکے پاکستان واپس بھیج دیا گیا۔ محمد آصف ڈی پورٹ ہونے کی وجہ سے ٹورنامنٹ میں بھی شرکت نہیں کرسکے۔ محمد آصف سے رابطہ کیا تو انہوں نے ڈی پورٹ ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ انہیں دبئی جانے کے لیے اسپیشل ویزہ درکار تھا اور منتظمین نے ان کا نام کلیئر کرا کر انہیں ویزہ دلایا تھا۔محمد آصف کے مطابق جب میں دبئی پہنچا تو مجھ سے وزارت خارجہ کا لیٹر مانگا گیا، جو کہ ابوظہبی سے ملنا تھا۔انہوں نے بتایا کہ میری کلیئرنس ہونے کے بعد مجھے ویزہ ملا تھا لیکن لیٹر نہ ہونے کی وجہ سے مجھے متحدہ عرب امارات میں داخل ہونے کی اجازت نہیں مل سکی۔