میچ فکسنگ ، زمبابوین آفیشل راجن نیر پر 20 برس کی پابندی عائد

میچ فکسنگ ، زمبابوین آفیشل راجن نیر پر 20 برس کی پابندی عائد

  

دبئی (نیٹ نیوز)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے میچ فکسنگ کی کوشش کرنے پر زمبابوے کے ڈومیسٹک کرکٹ آفیشل راجن نیر پر 20 برس کی پابندی عائد کر دی۔ راجن نے زمبابوین کپتان گریم کریمر کو میچ فکس کرنے کیلئے 30 ہزار ڈالرز کی پیشکش کی تھی، پابندی کے دوران وہ کسی بھی طرح کی کرکٹ سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ آئی سی سی کے مطابق راجن نیر نے گزشتہ سال اکتوبر میں ایک انٹرنیشنل میچ فکس کرنے کیلئے زمبابوین ٹیم کے کپتان کریمر سے رابطہ کیا تھا اور اس نے انہیں اس کام کیلئے 30 ہزار ڈالرز کی پیشکش بھی کی لیکن زمبابوین قائد نے فوری طور پر آئی سی سی کو اس بارے آگاہ کیا، ورلڈ گورننگ باڈی نے معاملے کی چھان بین کے بعد راجن کو قصور وار ٹھہراتے ہوئے ان پر 20 برس کی پابندی عائد کر دی۔

آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے جنرل مینجر ایلکس مارشل نے کہا کہ کریمر کے تعاون پر ان کے شکر گزار ہیں، راجن کا جرم انتہائی سنجیدہ ہے اور اسی کی روشنی میں انہیں بڑی سزا دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ راجن ہرارے میٹرو پولیشن کرکٹ ایسوسی ایشن میں بطور خزانچی اور مارکیٹنگ ڈائریکٹر کام کر رہے تھے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -