نویں چیف ایگزیکٹوآفیسرز ایجوکیشن کانفرنس 4اپریل کو طلب

نویں چیف ایگزیکٹوآفیسرز ایجوکیشن کانفرنس 4اپریل کو طلب

  

 لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)محکمہ تعلیم سکول ایجوکیشن نے نے نویں چیف ایگزیکٹو آفیسرز ایجوکیشن کانفرنس 4 اپریل کو طلب کر لی۔ کانفرنس قائد اعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ وحدت روڈ میں منعقد ہو گی ۔پنجاب کے تمام 36 اضلاع کے سی ای اوز ایجوکیشن ،سیکرٹری و سپیشل سیکرٹری سکول ایجوکیشن کانفرنس میں شرکت کریں گے۔وزیر تعلیم سکول ایجوکیشن رانا مشہود کانفرنس کی صدارت کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سکول ایجوکیشن نے نویں سی ای اوز کانفرنس 4اپریل صبح 9بجے طلب کر لی ہے جس میں پنجاب کے تمام 36اضلاع کے سی ای اوز ایجوکیشن اپنے اپنے اضلاع میں سکولوں کی کارکردگی کی رپورٹ کانفرنس میں جمع کروائیں گے۔ایجوکیشن کانفرنس کے دیگر ایجنڈے میں سکولوں میں حالیہ شروع کی جانے والی داخلہ مہم،گلی محلے کے چھوٹے بچوں کے لئے سیٹلائیٹ سکولز،اور بچوں کی سکولوں میں سو فیصد حاضری کا جائزہ لیا جائے گا۔علاوہ ازیں سکولوں کے حوالے سے عوام کی شکایات اور ان کے حل کے لئے ہاٹ لائن کو اپ ڈیٹ کرنے کے حوالے سے بھی غور ہوگا۔اس کے علاوہ کانفرنس میں پنجاب کے 10 اضلاع میں بچوں کی داخلہ مہم کی کمپین اور اس مہم کی کارکردگی پر بھی بات ہو گی۔پنجاب کی تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو بھیجے جانے والے مراسلے کے مطابق پنجاب کے 10اضلاع میں بچوں کی کم ہوتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ان اضلاع میں ترجیحی طور پر داخلہ مہم کو شروع کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔مراسلے کے مطابق رحیم یار خان،ڈی جی خان،مظفر گڑھ،ملتان،بہاولپو،فیصل آباد، لاہور،ساہیوال، بہاولنگر اور خانیوال شامل ہیں۔محکمہ تعلیم سکول ایجوکیشن کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے کے مطابق کانفرنس میں نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز کی ٹریننگ کا شیڈول بھی زیر بحث آئے گا۔ اس کے علاوہ سکولوں میں کمپیوٹر اور سائنس لیبز اور سکولوں کے انتظامی امور میں بہتری کے لیے تجاویز پر بھی غور ہو گا۔کانفرنس کے ایجنڈے میں چھوٹے بچوں کو ابتدا سے تعلیم کی طرف راغب کرنے کے لئے سکولوں میں بنائے گئے ارلی چائلڈ رومز کا دائرہ کار پنجاب کے تمام اضلاع تک بڑھانے پر بھی بات ہو گی۔ علاوہ ازیں کانفرنس میں اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے مزدوروں کے بچوں کو سکولوں میں لانے کے حوالے سے اقدامات اور ان کی مفت تعلیم پر بھی غور ہو گا۔اساتذہ کے پرموشن کیسز کو جلد نبٹانے کے حوالے سے ڈیپارٹمنٹل پرموشن کمیٹی کی ایک ماہ میں چار میٹنگز کروانے کا کا فیصلہ بھی کیا جائے گا۔ سکولوں کی فول پروف سیکیورٹی کے لئے پنجاب کے اے اور اے پلس کیٹیگریز کے 45 سو سے زائد سکولوں میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ مذکورہ سکولوں میں واک تھرو گیٹس ، باؤنڈری وال اور سی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ دیگر حفاظتی آلات کے حوالے سے سی ای اوز اپنی بریفنگ دیں گے ۔ علاوہ ازیں کانفرنس میں محکمہ صحت کی جانب سے سکولوں میں اینٹی ڈینگی مہم کی حالیہ کارکردگی کا جائزہ بھی لیا لیا جائے گا۔محکمہ تعلیم سکول ایجوکیشن نے تمام سی ای اوز ایجوکیشن کو کانفرنس کے حوالے سے مراسلہ جاری کر دیا ہے ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -