ایلیٹ فورس پنجاب پولیس کا فخرہے: سردار ایوب گادھی

ایلیٹ فورس پنجاب پولیس کا فخرہے: سردار ایوب گادھی

  

لاہور (کرائم رپورٹر)صوبائی وزیر انسداد دہشت گردی لیفٹینٹ کرنل (ر) سردار محمد ایوب خان گادھی نے کہا ہے کہ ایلیٹ فورس پنجاب پولیس کا فخر ہے جس کے بہادر جوان فرض شناسی، سرفروشی اور خلوص نیت کے جذبوں کے ساتھ عوامی خدمت میں مصروف عمل ہیں ، انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود ایلیٹ فورس کے جوانوں نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے شجاعت اور پروفیشنلزم کی شاندار مثالیں قائم کی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایلیٹ فورس کے جوانوں کو ملنے والی پیشہ ورانہ ٹریننگ جسمانی ، ذہنی اور اخلاقی تربیت کا بہترین کمبی نیشن ہے جس کے باعث ایلیٹ فورس نے ہمیشہ فرائض منصبی کی ادائیگی کے دوران دہشت گرد اور سماج دشمن عناصر کے عزائم کو خاک میں ملایا اور ملک کی دیگر سیکیورٹی فورسز کیلئے ایک مثال بن کر ابھری ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایلیٹ فورس کا قیام حکومت پنجاب کے ماضی کے بہترین کارناموں میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور بدلتے وقت کے تقاضوں کے ساتھ ایلیٹ فورس اور ٹریننگ سنٹر کی اپ گریڈیشن کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات جاری ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزکرنل شجاع خانزادہ پریڈ گراؤنڈ ایلیٹ ٹریننگ سنٹر بیدیاں میں ایلیٹ فورس کے انیسویں بیسک ریکروٹ بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی امجد جاوید سلیمی ، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز عامر ذوالفقار خان ، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق مسعود یسین ، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اظہر حمید کھوکھر، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس محمد طاہر ، ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ فورس شاہد حنیف، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر شہزادہ سلطان، ڈی آئی جی آئی ٹی شارق کمال صدیقی، ڈی آئی جی ویلفیئر وسیم احمد سیال، کمانڈنٹ ایلیٹ ٹریننگ سنٹر لیفٹینٹ کرنل پرویز اقبال سمیت دیگر اعلی پولیس و سول افسران اور ایلیٹ فورس کے جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

مزید :

علاقائی -