میٹرک امتحانات سے فارغ طلبہ کو سرکاری کامرس کالجز میں لانے کا منصوبہ تیار

میٹرک امتحانات سے فارغ طلبہ کو سرکاری کامرس کالجز میں لانے کا منصوبہ تیار

لاہور(حافظ عمران انور)ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے میٹرک امتحانات سے فارغ طلبہ کو کامرس کالجز میں لانے کا منصوبہ بنا لیا، میٹرک امتحانات سے فارغ طلبہ اب کامرس کالجز میں کلاسز پڑھیں گے، تمام کامرس کالجز میں کلاسز 2 اپریل سے شروع ہوں گی ۔ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پنجاب کے تمام ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن کالجز اور ڈائریکٹر کالجز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے کامرس کالجز میں طلبہ کی تعداد کو بڑھانے کیلئے پنجاب بھر کے میٹرک امتحانات سے فارغ طلبہ کو کامرس کالجز میں لانے کامنصوبہ بنایا ہے ۔اس حوالے سے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے ڈی پی آئی کالجز اور پنجاب کے تمام ڈائریکٹر کالجز کو کامرس کالجز میں میٹرک امتحانات سے فارغ طلبہ کے داخلوں کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری مراسلے کے مطابق اس منصوبے کا مقصدکامرس کالجز میں طلبہ کی تعداد کو بڑھانا ہے ۔سپیشل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن احسان بھٹہ نے روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میٹرک امتحانات سے فارغ ہونے والے طلبہ کو پرائیویٹ کالجز میں داخلوں سے روکنے اور سرکاری کامرس کالجز میں طلبہ کی تعداد کو بڑھانے کیلئے پنجاب کے تمام کامرس کالجز میں پوسٹ میٹرک کلاسز کے اجراء کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں میٹرک امتحانات سے فارغ ہونے والے طلبہ کلاسز لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔کامرس کالجز میں 2اپریل کو کلاسز کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا ۔ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری مراسلے کے مطابق پنجاب کے تمام کامرس کالج کے سربراہان اگلے دو دن تک کلاسز کا شیڈول بھی محکمہ کو ارسال کر دیں گے ۔اس حوالے سے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے ڈی پی آئی کالجز،اور ڈائریکٹر کالجز کو مراسلہ جاری کر دیا ۔

مزید : صفحہ آخر