صارفین ڈیٹا چوری الزام ، فیس بک گوگل اور ٹوئیٹر کے سربراہان امریکی کانگریس میں جواب دہی کیلئے طلب

صارفین ڈیٹا چوری الزام ، فیس بک گوگل اور ٹوئیٹر کے سربراہان امریکی کانگریس ...

واشنگٹن( اظہر زمان، بیوروچیف) امریکی کانگریس نے فیس بک کے چیف ایگزیکٹیو مارک زوکر برگ کو جواب دینے کیلئے 10اپریل کو طلب کر لیا ہے، ان پرالزام ہے کہ ان کی کمپنی نے اپنے تین کروڑ صارفین کا ڈیٹا ایک دوسری کمپنی کے حوالے کر دیا تھا۔ اس کے علاوہ ان سے یہ وضاحت بھی طلب کی جائے گی کہ وہ گزشتہ انتخابات میں اپنے صارفین کو غیر ملکی اثرات سے بچاؤ میں کیوں ناکام رہے۔ میڈیا رپو ر ٹس میں بتایا گیا ہے یہ حقائق منظر عام پر آنے کے بعد مسٹر زوکر برگ پر عوامی دباؤ بڑھا تو انہیں کانگریس کے سامنے پیشی کیلئے رضا مند ہونا پڑ ا۔ رپورٹس کے مطابق فیس بک کے بعد گوگل اور ٹویٹر کے اعلیٰ عہدیداروں کو بھی کانگریس کے سامنے پیش ہونا پڑے گا۔ سینیٹ کی جو ڈ یشری کمیٹی کے چیئرمین چیک گراسلی نے تینوں کمپنیوں کے سربراہوں کو 10اپریل کو ڈیٹا کی پرائیویسی کے بارے میں وضاحت دینے کیلئے بلایا ہے۔ قبل ازیں مسٹر زوکر برگ برطانوی پارلیمنٹ کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر چکے تھے۔

مزید : صفحہ اول