چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے والے شوق پورا کرلیں: وزیراعلیٰ بلوچستان

چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے والے شوق پورا کرلیں: وزیراعلیٰ ...

  

لاہور (صباح نیوز)وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہاہے کہ وزیراعظم کے چیئرمین سینیٹ کے بارے میں بیانات نامناسب ہیں ، چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے والے شوق پورا کرلیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کی چودھری برادران کیساتھ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال، آئندہ انتخابات اور بلوچستان کے معاملات پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر بلوچستان کے سینئر وزیر جعفر خان مندوخیل، کامل علی آغا، محمد بشارت راجہ، شافع حسین، میاں منیر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ مسلم لیگ( ن)نے سینیٹ الیکشن میں پیسہ استعمال کیا، بلوچستان والوں کو بھی رقم کی پیشکش کی گئی لہٰذا کسی پر انگلی اٹھانے سے پہلے خود کو دیکھنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہسینیٹ چیئرمین کا الیکشن جمہوری انداز میں سب کے سامنے ہوا لیکن سیاست کا بڑا المیہ ہے کہ جیت جائیں تو ٹھیک ہے ہارجانے پر غلط نظر آتا ہے۔میر عبدالقدوس بزنجو نے کہاکہ یہ ہمارا سیاسی المیہ ہے کہ ہم شکست تسلیم نہیں کرتے، ن لیگ کو سوچنا چاہئے کہ بلوچستان کے لوگ ان سے دور کیوں ہوئے۔انہوں نے کہا کہجب سے وزیراعلیٰ منتخب ہوا ہوں وزیراعظم نے بلوچستان کا دورہ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف کے رویے سے بلوچستان کے لوگ نالاں ہیں اسی لئے مسلم لیگ(ن) کی لیڈرشپ کو بلوچستان نے واضح پیغام دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں سب پارٹیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت اور چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستانیت کی سوچ کا نام مسلم لیگ ہے جسے ایک پلیٹ فارم پر ہونا چاہئے کیونکہ پاکستان سب سے مقدم ہے اور پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے عبدالقدوس بزنجو کے عزم، حوصلے، محنت اور بصیرت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم بلوچستان کو خودمختار صوبہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہم سب نے پاکستان کو اہمیت دینی ہے اور ایسی سوچ رکھنے والوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا چاہئے۔

مزید :

صفحہ آخر -