ہمیں غلطیاں تسلیم کر کے آگے بڑھنا ہوگا، سعد رفیق

ہمیں غلطیاں تسلیم کر کے آگے بڑھنا ہوگا، سعد رفیق

لاہور(صباح نیوز)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی اپنی غلطیوں کو تسلیم کر کے آئین، قانون اور انصاف سے آگے بڑھنا ہوگا۔ پانامہ کے معاملے پر عدالت اور نواز شریف کو آمنے سامنے کھڑا کرنے والوں نے پاکستان سے زیادتی کی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپر اپنے پیغام میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نواز شریف کے علاوہ کس لیڈر نے کبھی کوئی غلطی تسلیم کی؟نااہلی، بددیانتی اور غداری کے جھوٹے سرٹیفکیٹ دلوانے والوں نے خدا کو جواب بھی دینا ہے ؟؟؟مسلم لیگ ن کو کمزور بنانا ریاستِ پاکستان کو کمزور بنانا ھے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تقسیم در تقسیم کرنے کا کھیل بند نہ کیا گیا تو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔ ہم آپس میں دست و گریباں ہیں اور بیرونی دشمن تماشائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو آگے بڑھانے کیلئے آئین پر مکمل عملدرآمد کے سوا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے۔ ہمیں اپنی اپنی غلطیوں کو تسلیم کر کے آئین، قانون اور انصاف سے آگے بڑھنا ہوگا۔ دریں اثناء وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق آج بروز بدھ قومی احتساب بیورو ( نیب) میں پیش ہوں گے ۔ بتایاگیا ہے کہ نیب کی جانب سے خواجہ سعد رفیق کو 28مارچ کو صبح 11بجے طلب کیا گیا ہے جس پر وہ آج نیب لاہور میں پیش ہوں گے ۔ تفتیشی ٹیم کی جانب سے خواجہ سعد رفیق سے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے متعلق سوالات کئے جائیں گے ۔واضح رہے کہ نیب کی جانب سے خواجہ سعد رفیق کے چھوٹے بھائی صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو بھی 29مارچ کو طلب کیاگیا ہے اور دونوں بھائیوں کو اس سے قبل بھی طلبی کے نوٹس جاری کیے گئے تھے۔

خواجہ سعد رفیق

مزید : صفحہ اول