ایس ایس پی تشدد کیس،عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

ایس ایس پی تشدد کیس،عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایس ایس پی تشدد کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی، گزشتہ روزکیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے کی۔اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پیش نہیں ہوئے ،ان کے وکیل شاہد نسیم گوندل نے عدا لت سے موکل کو آج حاضری سے استثنیٰ کی استدعا کی جو عدالت نے منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 10 اپریل تک کیلئے ملتوی کردی ۔دریں اثناء چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس کی سماعت بھی آج ہوگی ، فاضل جج کوثر عباس زیدی سما عت کریں گے۔ گزشتہ سماعت پر حاضری سے استثنیٰ کے باعث چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پیش نہیں ہوئے تھے۔یاد رہے 2014 میں اسلام آباد میں دھرنے کے دوران چیئرمین تحریک انصاف سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں پر 4 مقدمات قائم کیے گئے تھے جن میں پی ٹی و ی ، پارلیمنٹ حملہ، ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی شامل ہیں۔

مزید : صفحہ اول