خواجہ آصف نااہلی کیس، اسلام آباد ہائی کورٹ کا نیا بنچ تشکیل

خواجہ آصف نااہلی کیس، اسلام آباد ہائی کورٹ کا نیا بنچ تشکیل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ کا نیا بینچ تشکیل دے دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اس سے قبل جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں بنائے گئے تین رکنی بینچ کے رکن جسٹس گل حسن اورنگزیب کی معذرت کے بعد بینچ ٹوٹ گیا تھا اور نئے بینچ کی تشکیل کے لیے معاملہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھیج دیا گیا تھا۔ منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں 3 رکنی نیا بینچ تشکیل دیا گیا جو خواجہ آصف کی نااہلی کے خلاف 5 اپریل کو سماعت کرے گا۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی جانب سے 11 اگست 2017 کو خواجہ آصف کو آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نااہل قرار دینے کیلئے دائر کی گئی تھی۔درخواست میں الزام لگایا گیا تھا کہ وفاقی وزیر خارجہ نے متحدہ عرب امارات کی کمپنی میں ملازمت کے معاہدے اور اس سے حاصل ہونے والی تنخواہ کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔عثمان ڈار نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا تھا کہ خواجہ آصف 2011 سے متحدہ عرب امارات کی کمپنی کے ساتھ خصوصی مشیر کے طور پر وابستہ ہیں۔اس درخواست کے بعد عثمان ڈار کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ سے استدعا کی گئی تھی کہ وہ اس معاملے پر لارجر بینچ تشکیل دیں جس پر عدالت نے جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں لارجر بینچ تشکیل دیا تھا۔
خواجہ آصف کی نااہلی