تعلیم کیساتھ کھیلوں کے فروغ پر بھی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں:ضیاء اللہ بنگش

تعلیم کیساتھ کھیلوں کے فروغ پر بھی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں:ضیاء اللہ بنگش

  

کوہاٹ (بیورورپورٹ)چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا ضیاء اللہ بنگش ایم پی اے نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو مثبت اور صحت مندانہ ماحول فراہم کرنے اور انہیں سماجی برائیوں سے دور رکھنے کے لئے پارٹی پالیسی کے مطابق صوبے بھر میں سپورٹس گراؤنڈزکی تعمیرجاری ہے جن پرکروڑوں روپے کا ریکارڈ بجٹ خرچ کیا جارہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوہاٹ سپورٹس کمپلیکس میں زیر تعمیرجمنازیم اور سوئمنگ پول پر جاری کام کامعائنہ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر انھیں بتایا گیا کہ اس پر اجیکٹ پر کل تخمینہ لاگت تقریبا 16 کروڑ ہے ۔انھیں مزید بتایا گیا کہ کوہاٹ سپورٹس کمپلیکس میں پہلے ہی کرکٹ، فٹ بال اورہاکی کی سہولیات موجود ہیں جبکہ جمنازیم کی تعمیر سے والی بال ، ٹیبل ٹینس اور دیگر ان ڈورگیمز کی سہولیات بھی میسرآجائیں گی اس طرح سوئمنگ پول کی تعمیرسے کوہاٹ میں پہلی بار نوجوانوں کوسوئمنگ کے مواقع بھی فراہم ہوجائیں گے ۔ضیاء اللہ بنگش ایم پی اے نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ پر بھی برابر کام کررہی ہے تاکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو اور سب کو بلا تفریق آگے بڑھنے کے مواقع فراہم ہوں۔انہوں نے کہا کہ حکومت باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے لانے کے لئے صوبائی،ڈویژنل، ضلع، تحصیل ،یونین اور سکول کی سطح پر مختلف کھیلوں کا انعقاد کررہی ہے جن میں کامیاب کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کئے جائیں گے۔چیئر مین سٹینڈنگ کمیٹی نے کہا کہ بحیثیت ایک مایہ ناز عالمی کھلاڑی عمران خان کی توجہ صحت مند نسل پیدا کرنے پر مرکوز ہے اور وہ بارہا اس بات کا اعادہ کرچکے ہیں کہ وہ اپنی نوجوان نسل کی بہتری اور فلاح کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -