جندول میں 6 کروڑ 34 لاکھ کی لاگت سے ترقیاتی سکیمیں منظور

جندول میں 6 کروڑ 34 لاکھ کی لاگت سے ترقیاتی سکیمیں منظور

  

جندول(نمائندہ پاکستان) تحصیل ترقیاتی کمیٹی ثمرباغ نے 6کروڑ 34لاکھ 4ہزار روپے کی لاگت سے ترقیاتی سکیموں کی منظوری دیدی ہے، گذشتہ روز نائب ناظم تحصیل ثمرباغ بشیر الحق کی سربراہی میں تحصیل ناظم سعید احمد باچہ کے دفتر میں کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں میونسپل آفیسر پرویز اختر ،پبلک ہیلتھ انجینئر انعام خان، تحصیل کونسلر مولانا گل زمین عائد ، میونسپل انتظامیہ ثمرباغ کے انجینئر محمد سلیم ، فنانس آفیسر اعزاز اللہ ،سی اینڈ ڈبلیوانجینئر صالح دار نے شرکت کی ۔ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے تحصیل ناظم نے کہا کہ گذشتہ دو سال کے دوران بازار ثمرباغ اور بازار معیار میں دو کروڑ روپے کی لاگت سے سولر لائٹ سسٹم نصب کیا جا چکا ہے اور اس بار بازار کامبٹ اور اس کے بعد بازار صدبرکلی میں سولر سسٹم نصب کر کے تحصیل ثمرباغ کو روشنیوں کا شہر بنا دینگے۔انہوں نے کہا کہ علاقہ میں پانی کی قلت کو مد نظر رکھتے ہوئے اس بار آبنوشی کی سکیموں کیلئے بھی بجٹ مخصوص کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے عملہ کو جدید سہولیات سے آراستہ کر کے ان کا دائرہ کا پورے تحصیل تک بڑھا رہے ہیں تاکہ کسی بھی جگہ صفائی کے سلسلہ میں کوئی کثر باقی نہ رہے۔نائب ناظم بشیر الحق اور تحصیل کونسلر مولانا گل زمین عائد کے خصوصی دلچسپی کے باعث کمیٹی نے ترقیاتی کاموں کیلئے 6کروڑ 34لاکھ4ہزار روپے کی منظوری دیدی ۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -