بہت کم لیڈر اور جماعتیں فیڈریشن کیلئے مثبت کردار ادا کررہی ہیں، آئندہ نسلوں کیلئے ایماندار ہونا پڑے گا : ناصر جنجوعہ

بہت کم لیڈر اور جماعتیں فیڈریشن کیلئے مثبت کردار ادا کررہی ہیں، آئندہ نسلوں ...
بہت کم لیڈر اور جماعتیں فیڈریشن کیلئے مثبت کردار ادا کررہی ہیں، آئندہ نسلوں کیلئے ایماندار ہونا پڑے گا : ناصر جنجوعہ

  


اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) مشیر سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ بہت کم لیڈر اور جماعتیں فیڈریشن کیلئے مثبت کردار ادا کررہی ہیں، ہمیں اپنے مستقبل اور آئندہ نسلوں کیلئے ایماندار ہونا پڑے گا، علاقائیت اور صوبائیت کے نعروں میں 18 ویں ترمیم پر غور کرنا ہوگا۔

اپنے ایک بیان میں مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے کہا کہ توانائی کا بحران اور موسمیاتی تبدیلی بڑا چیلنج ہے، پانی کے استعمال میں پاکستان چوتھا بڑا ملک ہے معاشرے میں کرپشن بھی ایک بڑا مسئلہ ہے ، اپنے بچوں کو خطرات اور درپیش مسائل پر تعلیم دے سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسی باہمت قوم کیلئے کچھ بھی کرنا مشکل نہیں ہے ہمیں دہشتگردی ، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کو شکست دینا ہوگی کیونکہ دہشتگردی اور فرقہ واریت نے پاکستان کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ۔ فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس نے ملک کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں، کراچی اور فاٹا کو آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشتگردی سے پاک کیا ۔ ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ہمسائیوں کو بھی مد نظر رکھنا ہے کیونکہ موجودہ حالات میں ہم اردگرد سے غافل نہیں رہ سکتے۔

مشیر قومی سلامتی نے کہا سوچیں کیا سب کی جان و مال محفوظ ہے صرف وہ محفوظ ہے جس کے پاس پیسہ اور طاقت ہے تعلیم، صحت، غربت اور خوراک تک رسائی کے اشاریے تسلی بخش نہیں ہیں، ترقی کیلئے سماجی ناہمواری اور معاشی عدم توازن ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کے تربیت یافتہ کیا کر رہے ہیں، اس بات کا کون خیال کرے گا؟ہر سال 50 لاکھ بچے پیدا ہوتے ہیں مگر ہر سال 50 لاکھ بے روزگار بھی پیدا ہوتے ہیں۔

مزید : اہم خبریں /قومی /سیاست /علاقائی /اسلام آباد