بال ٹمپرنگ اسکینڈل : ڈیوڈ وارنرآئی پی ایل ٹیم کی کپتانی سے مستعفی

بال ٹمپرنگ اسکینڈل : ڈیوڈ وارنرآئی پی ایل ٹیم کی کپتانی سے مستعفی
بال ٹمپرنگ اسکینڈل : ڈیوڈ وارنرآئی پی ایل ٹیم کی کپتانی سے مستعفی

  


کینبرا (ڈیلی پاکستان آن لائن) بال ٹمپرنگ میں ملوث بائیں ہاتھ کے آسٹریلین اوپننگ بیٹسمین ڈیوڈ وارنر نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل ) کے گیارہویں ایڈیشن میں ٹیم سن رائزر حیدرآباد کی قیادت سے استعفیٰ دے دیاہے۔

ڈیوڈ وارنر بال ٹمپرنگ میں شریک جرم آسڑیلوی کپتان اسٹیواسمتھ کے نقش قدم پر عمل کرتے ہوئے آنے والے سیزن کے آئی پی ایل کی ٹیم کی کپتانی سے مستعفی ہوگئے ہیں۔اس سے قبل اسٹیو اسمتھ نے راجھستان رائلز کی قیادت سے استعفیٰ دیاتھا۔

سن رائزز حیدرآباد کے سی ای او کے شانموگام نے سماجی رابطوں کی مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ بال ٹمپرنگ کے حال ہی میں رونما ہونے والے واقعے کے باعث ڈیوڈ وارنر نے سن رائزز حیدرآباد کی کپتانی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے نئے کپتان کے بارے میں جلد ہی اعلان کر دیا جائے گا۔

انڈین پریمیئر لیگ میں ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو سمتھ دونوں سب سے مہنگے ترین کھلاڑی تھے جن کے کنٹریکٹ کی مالیت 24 لاکھ ڈالر (تقریباً 25 کروڑ روپے پاکستانی سے زائد) تھی۔خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ڈیوڈ وارنر سن رائزرز حیدر آباد کی کپتانی کے بعد انڈین پریمیئر لیگ سے بھی باہر ہوسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران بال ٹمپرنگ سکینڈل سامنے آنے کے بعد آسٹریلوی کپتان اسٹیو سمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پہلے ہی اپنی قومی ٹیم کی قیادت سے مستعفی ہوچکے ہیں ۔

مزید : کھیل