کراچی میں دودھ کی قیمت 94روپے فی لیٹر ہو گئی

کراچی میں دودھ کی قیمت 94روپے فی لیٹر ہو گئی
کراچی میں دودھ کی قیمت 94روپے فی لیٹر ہو گئی

  


کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن ) شہر قائد میں دودھ کی قیمت 94روپے فی لیٹر ہو گئی ،یہ قیمت ڈیری فارمز، انتظامیہ اور ریٹیلرز کے درمیان معاملات طے پانے کے بعدمقرر کی گئی ۔سندھ ہائیکورٹ میں دودھ کے نرخ مقررکرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تو کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے عدالت میں پیش ہوکر بتایا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر دودھ کی قیمت 94 روپے لیٹر طے کی ہے، نرخ سے متعلق ڈرافٹ پر سب کے دستخط بھی لیے گئے ہیں۔

کمشنر کراچی نے دودھ کی قیمت سے متعلق ڈرافٹ عدالت میں بھی پیش کیا۔دوران سماعت جسٹس عقیل عباسی نے ریمارکس دیئے کہ ہمیں غریبوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، دودھ بنیادی ضرورت ہے، لوگوں کے پاس کھانے کوکچھ نہیں، آپ لوگ یہاں بحث کررہے ہیں غریبوں کا کیا ہوگا؟ ایسا نہ ہو کہ ہم سندھ حکومت کو مداخلت کی ہدایت جاری کریں۔

بعد ازاں سندھ ہائیکورٹ نے کمشنر کراچی کو دودھ کی قیمت کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت دی اور ساتھ ہی حکم دیا کہ یکم اپریل تک دودھ 85 روپے فی کلو فروخت ہوگا جب کہ نئی قیمت کا اطلاق یکم اپریل کے بعد ہوگا۔

مزید : علاقائی /سندھ /کراچی