صدارتی مہم کے دوران سائبرحملے،ٹرمپ کے ساتھی قطر کے خلاف عدالت پہنچ گئے 

صدارتی مہم کے دوران سائبرحملے،ٹرمپ کے ساتھی قطر کے خلاف عدالت پہنچ گئے 
صدارتی مہم کے دوران سائبرحملے،ٹرمپ کے ساتھی قطر کے خلاف عدالت پہنچ گئے 

  


واشنگٹن (این این آئی)قطرکی جانب سے مبینہ طورپر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے ایک اہم رکن کے کمپیوٹرپر کیے گئے سائبرحملے میں ملوث ہونے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مقربین حرکت میں آگئے ہیں اور انہیں دوحہ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی کوششیں تیز کردی ہیں۔

عرب ٹی وی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مہم کے روح رواں الیوٹ برویڈی نے لاس اینجلس کی ایک عدالت میں قطر کے خلاف دعویٰ دائر کیاجس میں الزام عاید کیا گیا کہ قطر نے ان کے پرائیویٹ کمیپوٹر کو ہیک کرکے اس کا ڈیٹا چرایا اور اسے ذرائع ابلاغ میں شائع کرانے کی کوشش کی تھی۔ لاس اینجلس کی عدالت میں دائر کردہ دعوے میں کہا گیا کہ قطر سائبر جنگ میں ملوث اور اس نے کمیپوٹر کو ہیک کرنے، جاسوسی کرنے اور رائے عامہ کو گمراہ کرنے کے لیے مختلف حربے استعمال کئے تھے۔درخواست گذار کا دعویٰ ہے کہ قطر کی طرف سے سائبر حملہ گذشتہ برس دسمبر میں کیا گیا۔ یہ ایک حملہ نہیں بلکہ کئی روز تک جاری رہنے والی کارروائی تھی۔

برویڈی کا کہنا تھا کہ مجھے اس لیے انتقامی کارروائی کا ہدف بنایا گیا کہ میں قطر کی دہشت گردی کی پشت پناہی کے موقف کے خلاف تھا۔ میرا موقف تھا کہ قطر دہرے معیار پر چل رہا ہے۔ادھر امریکا میں قطری سفارت خانے کے ترجمان جاسم آل ثانی نے کہا کہ دوحہ کے خلاف برویڈی کے دعوے کی کوئی منطق اور حقیقت نہیں۔ اس کامقصد ذرائع ابلاغ میں قطر کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانا ہے۔

مزید : بین الاقوامی