مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال،شوپیاں اور ہندوارہ میں الگ الگ جھڑپیں،4مجاہدین شہید

مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال،شوپیاں اور ہندوارہ میں الگ الگ جھڑپیں،4مجاہدین ...
مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال،شوپیاں اور ہندوارہ میں الگ الگ جھڑپیں،4مجاہدین شہید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سرینگر(صباح نیوز) شمالی و جنوبی کشمیر میں مجاہدین اور قابض بھارتی فوج کے مابین دو الگ الگ معرکہ آرائیوں کے دوران چار مجاہدین شہید ہوگئے ،پولیس نے کہا کہ جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع میں جنگجوؤں اور فورسز کے مابین جو معرکہ آرائی جاری تھی وہ اختتام پذیر ہوگئی ہے اور اس میں فورسز کے ہاتھوں جو تین جنگجو جاں بحق ہوگئے ،ان کی شناخت ہوگئی ہے۔پولیس نے جاں بحق جنگجوؤں کی شناخت سجاد کھانڈے،عاقب احمد ڈار اور بشارت احمد میر کے طور کرتے ہوئے کہا کہ یہ تینوں ضلع پلوامہ کے باشندے تھے۔ حز ب المجاہدین کے ترجمان کے مطابق تینوں مجاہدین کا تعلق ان کی تنظیم سے تھااس سے قبل شوپیان ضلع کے کیلر علاقے میں جمعرات کی صبح جنگجوؤں اور فورسز کے مابین معرکہ آرائی کا آغاز ہوا جس کے دوران تین عسکریت پسند مارے گئے۔

یہ معرکہ شوپیان کیلر کے جنگل میں واقع یارون نامی علاقے میں پیش آیا۔ پولیس ذرائع نے کہا کہ فوج نے یارون جنگل علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشیاں شروع کیں جس کے دوران فورسز اور جنگجوؤں کا آمنا سامنا ہوگیا اور طرفین نے ایک دوسرے پر گولیاں چلائیں۔پولیس نے کہا کہ فورسز کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ جنگجو شمالی کشمیر کے یارو لنگیٹ ہندواڑہ علاقے میں چھپے بیٹھے ہیں تو پولیس اور فورسز نے مشترکہ طورپر فورا اس علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور جنگجوؤں کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے کارروائی شروع کی۔پولیس کے مطابق فرار ہونے کے تمام راستے مسدود پا کر جنگجوؤں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔پولیس نے کہا کہ فورسزنے بھی جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین معرکہ آرائی شروع ہوئی۔پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کچھ وقت تک جاری رہنے والی اس معرکہ آرائی میں ایک جنگجو جاں بحق ہوگیا۔پولیس نے مزید کہا کہ فورسز نے جائے واردات پر مہلوک جنگجو کی نعش برآمد کرکے اس کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی ہے چاروں مجاہدین کی شہادت پر شوپیاں، پلوامہ اور ہندواڑہ کے علاقوں میں مکمل ہڑتال کی گئی جبکہ پلوامہ ، شوپیاں، کولگام ، بیج بہاڑہ ، سوپور اور ہندواڑہ کے علاقوں میں بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں بڑے پیمانے پر مظاہرے کئے گئے ۔

بھارتی فورسز نے مظاہرین پر پیلٹ گنز اور آنسو گیس سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔ گورنمنٹ ڈگری کالج کولگام کے طلباء نے بھی کالج کیمپس میں بھارت مخالف مظاہرے کئے۔ فوجیوں نے ضلع کولگام کے علاقے ٹنگ بل کجر میں ایک مکان کو آگ لگا دی ۔قابض انتظامیہ نے سوپور ، ہندواڑہ اور کپواڑہ کے علاقوں میں موبائیل انٹرنیٹ سروس معطل کر دی جبکہ تعلیمی ادارے بند کرنے کا حکم جاری کیا۔ادھرمقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ بڑی تعداد میں خواتین اور مرد آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے بلند کرتے ہوئے پلوامہ کے علاقے بھٹ نورہ میں شہید عاقب احمد کی آخری جھلک دیکھنے کیلئے انکے گھر کے باہر جمع ہو گئے۔ سوگواران نے آزادی کے نغمے گاتے ہوئے شہید کی میت کے ہمراہ قبرستان کی طرف مارچ کیا۔ اس دوران مجاہدین کے ایک گروپ نے نمودار ہو کر فضائی فائرنگ کر کے شہید نوجوان کو سلام پیش کیا۔سرینگر کے علاقے آلوچی باغ میں واقع بھارتی فوجی بنکر کے قریب ایک زوردھماکے میں ایک مکان اور ایک گاڑی کو نقصان پہنچاہے۔ایک سرکاری سکول ٹیچر کی لاش پراسرار حالت میں ضلع پونچھ کے علاقے بلنوئی سے برآمد ہوئی ۔ ضلع بانڈی پورہ کے علاقے سنبل میں دریائے جہلم سے ایک نامعلوم خاتون کی لاش ملی ہے