ملک بھر کی مساجد مختصر تعداد میں افراد نے نماز جمعہ اداکی: کرونا وباء سے بچاؤ کی دعائیں

  ملک بھر کی مساجد مختصر تعداد میں افراد نے نماز جمعہ اداکی: کرونا وباء سے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور، لاہور، اسلام آباد، کراچی(سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں)حکومتی ہدایات کی روشنی میں تاریخی بادشاہی مسجد سمیت شہر کی تمام مساجد میں نمازیوں کی محدود تعداد نے نماز جمعہ ادا کی،بادشاہی مسجد میں مولانا عبد الخبیر آزاد نے نماز جمعہ پڑھائی اورمجموعی طورپر صرف چند نمازیوں نے فاصلے پر رہ کر نماز پڑھی، نمازیوں نے فرض نماز کے بعد سنتیں اور نوافل اپنے گھروں پر ادا کئے۔بادشاہی مسجد میں نماز سے پہلے سورۃ رحمن کی ریکارڈنگ بھی نشر کی گئی۔ نماز سے پہلے اعلانات کے ذریعے بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کو مسجد میں آنے سے روک دیاگیا۔ نماز کے بعدمولانا عبد الخبیر آزادنے کرونا وائرس کی وباء کے خاتمے اور گناہوں کی معافی کے لئے رقت آمیز دعا کرائی۔حکومت کی ہدایات کے مطابق دیگر مساجد میں نمازیوں کی محدود تعداد نے نماز جمعہ ادا کی اور بعد ازاں کرونا وائرس سے بچاؤکے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ جبکہ تاریخ میں پہلی بار پاکستان کی سب سے بڑ ی فیصل مسجد میں صرف 3درجن نمازیوں نے نماز جمعہ ادا کی،اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مساجد میں بڑے اجتماعات روکنے کے نوٹیفکیشن کے بعد فیصل مسجد جانیوالے نمازیوں کو پولیس کی جانب سے واپس بھیج دیا گیا۔ مسجد کی انتظامیہ اور میڈیا کے نمائندگان جن کی تعدا د 3درجن کے لگ بھگ تھی،نے فیصل مسجد میں فاصلے پر کھڑے ہو کر نماز جمعہ ادا کی، اذان کے بعد خطیب نے کرونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کے بارے میں مختصر اردو بیان دیا اور عربی خطبے کے بعد نماز جمعہ ادا کی گئی۔ادھر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نماز جمعہ پر پابندی کے نوٹیفیکیشن کے باعث اسلام آباد بھر میں پولیس نمازیوں کو مساجد میں داخل ہونے سے روکتی رہی۔ اکثر مقامات پر پولیس اور شہریوں کے درمیان تکرار معمول بنی رہی، لال مسجد میں بھی چند درجن ا فراد ہی نماز ادا کر سکے۔ بارش کے باعث مساجد میں نماز صحن کی بجائے قالینوں پر ہی ادا کی گئی جبکہ مساجد میں نمازیوں کیلئے سینی ٹائزرز بھی دستیاب نہیں تھے۔کراچی کی مختلف مساجد میں بھی محدود پیمانے پرنماز جمعہ کی ادائیگی کی گئی جس میں نماز یوں کی تعداد مختصر نظر آئی۔کراچی کی مختلف مساجد میں نماز جمعہ کے خطبات بھی ہوئے اورنماز جمعہ کے بعد ملک کی سلامتی، خوشحالی اور عالمی وبا کرونا وائرس کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔شہر کی مختلف مساجد میں حکومتی احکامات کے مطابق مقررہ تعداد میں نماز جمعہ اداکی گئی جبکہ پولیس افسر اور اہلکار مختلف مقامات پر اعلانات اور حکومتی پابندی اور ہدایات سے بھی آگاہ کرتے رہے۔کراچی کی کچھ مساجد میں نمازیوں کی تعداد زیادہ بھی نظرآئی۔

مزید :

صفحہ اول -