پاکستان میں اقلیتوں کو پورے حقوق حاصل ہیں: شبنم سیال چیئرپرسن میگڈلین

پاکستان میں اقلیتوں کو پورے حقوق حاصل ہیں: شبنم سیال چیئرپرسن میگڈلین
پاکستان میں اقلیتوں کو پورے حقوق حاصل ہیں: شبنم سیال چیئرپرسن میگڈلین

  

لاہور (طاہر منیر طاہر) پاکستان میں اقلیتوں کو تمام بنیادی حقوق حاصل ہیں اور ہر طرح کی مذہبی آزادی ہے جبکہ ہندﺅوں، عیسائیوں اور سکھوں کے علاوہ دیگر مذاہب کے لوگوں کو بھی اپنی عبادات کی آزادی ہے۔ یہاں مقیم ہر طرح کے اقلیتی لوگ اپنے آپ کو محفوظ اور آزاد خیال کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار میگڈلین این جی او کی چیئرپرسن شبنم سیال نے ہولی کی ایک تقریب کے دوران کیا۔

لاہور میں واقع کرشنا مندر میں گزشتہ دنوں ہولی کی تقریب میں میگڈلین این جی او کی چیئرپرسن شبنم سیال مہمان خصوصی کے طور پر مدعو تھیں۔ ہولی کی تقریب میں مسلم کمیونٹی کی طرف سے شبنم ناگی اور محبوب قادر شاہ چیف انفارمیشن آفیسر بھی موجود تھے جبکہ کرسچین کمیونٹی کی طرف سے اعجاز عالم آگسٹن، فادر جان جوزف اور اینجل جاس نے بھی ہولی کی تقریب میں شرکت کی۔ ہندو کمیونٹی کی طرف سے ڈاکٹر منوہر چند کاشی رام اور سنگیتا منوہر چند کے علاوہ مزید لوگ موجود تھے۔

اس موقع پر مسیحی کمیونٹی کے راہنما اینجل جاس نے کہا کہ ہم لوگ ہندو کمیونٹی کے ساتھ مل کر ان کا مقدس تہوار منارہے ہیں اور ہمیں بہت اچھا محسوس ہورہا ہے جبکہ ہولی کے اس تہوار میں مسلم کمیونٹی کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں مسلمان دوسرے مذاہب کا خیال رکھتے ہیں اور ان کی خوشیوں میں شریک ہوتے ہیں۔ اس قدر آزادانہ طور پر اپنی رسومات کا جاری رکھنا یقینا پاکستان میں دوسرے مذاہب کو آزادی کی بہترین مثال ہے۔

این جی او میگڈلین کی چیئرپرسن شبنم سیال نے کہا کہ ہولی کی یہ تقریب اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو ہر طرح کی مذہبی آزادی ہے۔ شبنم سیال نے کہا کہ پاکستان میں مسلم کمیونٹی نے ہمشیہ دیگر مذاہب کی تقریبات میں شرکت کی جس سے ہمارا ایک دوسرے پر اعتماد بڑھتا ہے اور سب ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کر رہتے ہیں۔ اس موقع پر مسلم کمیونٹی اور کرسچین کمیونٹی کے شرکاءنے ہندو کمیونٹی کے لوگوں کو ہولی کے موقع پر مبارکباد پیش کی اور مستقبل میں بھی انہیں اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -