پاکستان میں پایا جانے والاکورونا وائرس ووہان اورایران کے وائرس سے قدر ےمختلف، ریسرچ سرگرمیاں تیز کرنے کا حکم
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کوروناوائرس کے سدباب کیلئے ریسرچ سرگرمیاں تیز کرنے کا حکم دے دیا جبکہ ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان میں پایا جانے والاکورونا وائرس ووہان اورایران کے وائرس سے قدرے مختلف ہے۔
سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ماہرین کو کوروناوائرس کے سدباب کیلئے جلد از جلد نتیجہ خیز کاوشیں کرنے کی ہدایت کی ہے اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام چار سٹڈی گروپ قائم،ریسرچ شروع کردی گئی ۔ وزیراعلیٰ نے پرسنل پروٹیکشن اکیوپمنٹ یعنی حفاظتی لباس مقامی طورپر تیارکرنے کا حکم دیدیا ۔ اس موقع پر لاہور کے ٹیکسٹائل مالک نے رضا کارانہ طورپرپی پی ای بلامعاوضہ بنانے کی پیشکش کردی۔
وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جناح اورپی کے ایل آئی میں بی ایس ایل تھری لیب نے کام شروع کردیا۔ وزیراعلیٰ کاکہنا تھاکہ کورونا وائرس کو سائنٹفک انداز میں ٹریٹ کیا جائے،مستقل خاتمہ چاہتے ہیں، ہوم قرنطینہ کیلئے سٹینڈرڈ ایس او پی جلد از جلد مرتب کیے جائیں، 200بیڈز پر مشتمل فیلڈ ہسپتال جلد از جلد قائم کرنے کی صلاحیت حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ چین نے پنجاب کو کورونا وائر س کیلئے ہسپتال بنانے اورڈاکٹر فراہم کرنے کی پیشکش بھی کردی۔
اس موقع پر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاویداکرم،پروفیسر ڈاکٹر محمود شوکت،سیکرٹری سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اوردیگر حکام بھی موجود تھے ۔